پاکستان اوپن اسکواش ٹائٹلز کے فاتحین کا آج فیصلہ

مینز فائنل میں کریم عبدالجواد کوڈیگو ایلس کا چیلنج درپیش۔

ویمنز ٹرافی کیلیے مصر کی یتراب عدیل ہموطن نادین شاہین کیخلاف کورٹ سنبھالیں گی۔ فوٹو : فائل

پاکستان اوپن اسکواش چیمپئن شپ 2018 کے فاتحین کا فیصلہ آج ہوگا۔

ڈی ایچ اے کریک کلب کراچی میں جاری71ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کے ایونٹ کا مینز فائنل کریم عبدالجواد اور ڈیگو ایلس میں ہونا ہے، ویمنز ٹرافی کیلیے ٹاپ سیڈ مصرکی یتراب عدیل ہموطن نادین شاہین کیخلاف کورٹ سنبھالیں گی، فائنلز اور تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ اور پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدرایئرچیف مارشل مجاہد انور خان مہمان خصوصی ہوں گے۔

قبل ازیں ہفتے کوچیمپئن شپ میں دونوں ایونٹس کے سیمی فائنلز منعقد ہوئے، 53 ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کے مینز ایونٹ کے پہلے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ عالمی نمبر10کریم عبدالجواد کوسیڈ4 ملائیشیا کے نافزقان عدنان کے خلاف کامیابی پانے میں کوئی دشواری پیش نہیں آئی،انھوں نے 25 منٹ کے مقابلے میں کوئی گیم گنوائے بغیر3-0 سے جیت کو اپنا مقدر بنایا، ان کے میچ کا اسکور11-8،11-5 اور11-7 رہا، دوسرے فائنل فور میں پیرو سے تعلق رکھنے والے سیکنڈ سیڈ اورعالمی نمبر13 ڈیگو ایلس کو بھی زیادہ مزاحمت کا سامنا نہیں رہا، انھوں نے 24 منٹ تک جاری رہنے والے آسان مقابلے میں حریف سیڈ5 آرتھرو سیلزر کو11-9،11-4 اور11-1 سے شکست دیکر فائنل میں قدم رکھ دیے، فائنل میں دونوں کھلاڑیوں میں سخت مقابلہ متوقع ہے۔


دوسری جانب18 ہزار ڈالرکی مالیت کے ویمنز ایونٹ میں ٹاپ سیڈ مصری پلیئریترب عدیل نے ہموطن عالمی نمبر 35 زینا میکاوئے کو ایک گیم کی قربانی دے کر3-1 سے مات دیکر ٹرافی سے دور کردیا، عالمی نمبر 30 یترب نے مدمقابل کو 35 منٹ کی جدوجہد کے بعد11-8،5-11،11-9 اور11-7 سے قابو کرلیا، دوسرے سیمی فائنل میں سیڈ 2 و عالمی نمبر 32مصر ہی کی نادین شاہین کو کامیابی پانے کی کوئی دشواری پیش نہیں آئی، سیڈ4 ہانگ کانگ کی لیو ٹز لنگ کو اپ سیٹ شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی سیڈ 5 ملائیشیا کی سیواسنگاری سبرامینم کی نادین کے سامنے ایک نہ چلی، ٹاپ سیڈ نے 20 منٹ کی کوشش کے بعد 11-8،11-7 اور11-7 سے جیت سمیٹ لی۔

یاد رہے کہ آج ویمنز فائنل دوپہر 3 جبکہ مینزفائنل سہ پہر 4 بجے کھیلاجائیگا، مینز ایونٹ کے فاتح کوٹرافی کے ساتھ 8 ہزار جبکہ رنر اپ کو 5 ہزارڈ ڈالرز بطور انعام دیے جائیں گے، ویمنز ایونٹ کی فاتح ٹرافی اور 27 سو ڈالرزکی حقدار ہوگی جبکہ رنز اپ کو17 سو ڈالرز ملیں گے۔

 
Load Next Story