دہشت گرد حکومت پر دبائو ڈالنے کیلئے بم دھماکے کر رہے ہیں قائم علی شاہ

دو تین ہفتوں میں بلدیاتی نظام کے بارے میں تمام ابہام دور ہوجائیگا، سکھر ایئرپورٹ پر گفتگو

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ سفاری پارک کے قریب پیش آنے والا واقعہ دہشت گردوں کی گرفتاری کا رد عمل ہے، دہشت گرد حکومت اور ایجنسیوں پر دبائو ڈالنے کیلیے بم دھماکے کررہے ہیں، بے گناہ لوگوں کو قتل کرنے والے دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔


سکھر ایئرپورٹ پر صحافیوں سے باتیں کرتے ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلیے عید پر کراچی سمیت سندھ بھر سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے ہیں، کراچی میں اکا دکا واقعات کے سوا مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال کنٹرول میں ہے، انھوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام پر متحدہ قومی موومنٹ اور دیگر اتحادی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، 80فیصد معاملات طے پاچکے ہیں جو معاملات طے نہیں پاسکے، اس کے حل کیلیے ایک ہفتے کے بعد گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے مذاکرات کروںگا۔

انھوں نے کہاکہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات میں تین یا چار ماہ لگیں گے، عام انتخابات سے قبل بلدیاتی انتخابات کرائے جاسکتے ہیں، دو تین ہفتوں میں بلدیاتی نظام کے بارے میں تمام ابہام دور ہوجائے گا، انھوں نے کہاکہ وفاق کی جانب سے سندھ کو فنڈز فراہم نہ کرنے کی وجہ سے مالی بحران ہے جس کے لیے صدر آصف زرداری اور وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے بات کی ہے، عید کے بعد حالات بہتر ہونے کی امید ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story