کرم ایجنسی پاڑہ چمکنی کو سیکورٹی فورسز نے آپریشن کر کے کلیئر کر دیا

سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 21 جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا جب کہ 86 زخمی ہوئے۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جو 34 روز تک جاری رہا۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

پاڑہ چمکنی کو سیکورٹی فورسز نے آپریشن کر کے کلیئر کر دیا، 34 روزجاری رہنے والے آپریشن کے دوران غیر ملکیوں سمیت 70 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔


وسطی کرم ایجنسی میں پاڑہ چمکنی شدت پسندوں کی کارستانیوں سے محفوظ تھا لیکن 6 مئی کو خیبرایجنسی سے دہشت گرد کوہ پیمان کے راستے علاقے میں داخل ہوئے اور انہوں نے 7 مئی تک کئی مکانات جلا دیئے، دہشت گردی کے باعث علاقے میں رہنے والے بیشتر افراد نقل مکانی کر کے کیمپوں میں پناہ لینے پر مجبور ہو گئے یا پھر اپنے رشتہ داروں کے گھر چلے گئے،85 ہزار کی آبادی کے اس علاقے سے تقریبا 11 ہزار خاندانوں کو گھر بار چھوڑنا پڑا۔

سیکورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا جو 34 روز تک جاری رہا، آپریشن کے دوران غیر ملکیوں سمیت 70 سے زائد دہشت گرد مارے گئے، ان کے ٹھکانوں سے منشیات اور نشہ استعمال کرنے کے آلات بھی برآمد ہوئے، سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 21 جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا جب کہ 86 زخمی ہوئے۔ خیبر ایجنسی اور افغانستان سے جڑے 600 مربع کلومیٹر پہاڑی علاقے کو کلیئر کرنے کے بعد سیکورٹی انتظامات سخت کر دیئے گئے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story