جہاں 3 دہائیوں سے خون بہہ رہا ہو وہاں ریاست کی رٹ ختم ہوجاتی ہے فضل الرحمان

وفاق اور چاروں صوبوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے،مولانا فضل الرحمان

ملک امن وامان کے حوالے سے بحران کا شکار ہے مولانا فضل الرحمان۔ فوٹو فائل

جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحما ن نے کہا ہے کہ وفاق اور چاروں صوبوں کو مل کر دہشت گردی کے خلاف جامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے جہاں 3دہائیوں سے خون بہہ رہا ہو وہاں ریاست کی رٹ ختم ہوجاتی ہے۔

ملتان میں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی رہائش گاہ پر ان کے اغوا کئے جانے والے بیٹے کی عدم بازیابی پراظہار ہمدردی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحما ن نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی میرے بھائی اور علی حیدر گیلانی بیٹے کی طرح ہیں اور علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے لئے جس حد تک ممکن ہوا ہم تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ساری چیزیں صوبوں پرنہیں چھوڑنا چاہئے بلکہ دہشت گردی کے خلاف وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کراس حوالے سےجامع پالیسی بنانے کی ضرورت ہے۔


مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک امن وامان کے حوالے سے بحران کا شکار ہے، جہاں 3دہائیوں سے خون بہہ رہا ہو وہاں ریاست کی رٹ ختم ہوجاتی ہے، مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فاٹا امن جرگے کی تمام قومی جماعتوں نے تائید کی تھی، طالبان کی جانب سے امن مذاکرات کی پیشکش پہلے بھی تھی اوراب بھی موجود ہے۔

اس موقع پرسابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ ہم 5 سال اقتدارمیں ایک دوسرے کے قریب رہے، ملک میں جتنی آئینی ترامیم ہوئیں ان میں جے یو آئی (ف) نے بھرپورحصہ لیا، ان کا کہنا تھا کہ بیٹے کی بازیابی کے سلسلے میں ابھی تک کسی نے بھی رابطہ نہیں کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story