مصری فوج نے سیاسی مسائل کے حل کیلئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دیدی

حکومت اور اپوزیشن آئندہ 48 گھنٹوں میں سیاسی مسئلہ حل کریں ورنہ فوج اپنا لائحہ عمل پیش کرے گی،مصری فوجی سربراہ

صدرمحمد مرسی کے مخالفین اوران کے حامیوں کے درمیان گزشتہ کئی روزسے جاری جھڑپوں کے باعث ملک کا نظام زندگی بری طرح متاثرہورہا ہے فوٹو: رائٹرز

مصر کی فوج نے حکومت اور اپوزیشن کو سیاسی مسائل کے حل کے لئے 48 گھنٹے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

مصری فوج کے سربراہ جنرل عبدالفتح السیسی کا کہنا ہے کہ حکومت اور اپوزیشن آئندہ 48 گھنٹوں میں سیاسی مسئل حل اور عوامی مطالبات پورے کریں ورنہ 48 گھنٹے بعد فوج اپنا لائحہ عمل پیش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر میں حکومت مخالفین نے اپنے جذبات کے اظہار کے لیے نامناسب رویہ اختیار کیا جس سے ملک کا پورا نظام درہم برہم ہوگیا۔


دوسری جانب امریکی صدر باراک اوباما نےمصر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت میں اقلیتوں اور اپوزیشن کا احترام بھی لازم ہوتا ہے لہٰذا مصر کے سیاسی گروپ صبر وتحمل سے کام لیں اور تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں جاری پُرتشدد مظاہروں کے دوران امریکی سفارت خانے کا تحفظ ان کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے مصری صدر محمد مرسی کے مخالفین اور ان کے حامیوں کے درمیان ملک کے کئی شہروں میں جھڑپیں اور مظاہرے جاری ہیں تاہم اب کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جس سے مصر میں نظام زندگی بری طرح متاثر ہوکر رہ گیا ہے۔
Load Next Story