ایران کے شہر چابہار میں پولیس ہیڈکوارٹرز پر کار بم حملہ تین افراد ہلاک

کار سوار خودکش حملہ آور نے پولیس کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا، ایرانی میڈیا

کار سوار خودکش حملہ آور نے پولیس کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا، ایرانی میڈیا فوٹو:انٹرنیٹ

ایران کے جنوبی ساحلی شہر چابہار میں کار بم دھماکا ہوا جس میں تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق چابہار میں نامعلوم مسلح افراد نے پولیس کمانڈوز کے دفتر پر کار بم حملہ کیا۔ تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ امدادی اداروں نے موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔ چند زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔




ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا جس میں پولیس کے ہیڈکوارٹرز کو نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد ایرانی سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا محاصرہ کرکے مشتبہ افراد کی تلاش میں سرچ آپریشن کیا۔ ایرانی حکومت نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور سرکاری میڈیا نے اسے دہشت گرد حملہ قرار دیا ہے۔



چابہار ایران کے شورش زدہ صوبے سیستان بلوچستان کا شہر ہے جہاں اکثر اس طرح کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں۔
Load Next Story