حج کوٹے کو سرکاری اور نجی اسكيم ميں 40 اور 60 كے تناسب سے تقسيم كرديا وزیر مذہبی امور

وزیرمذہبی امور کی پریس کانفرنس کے دوران حج ٹورآپریٹرز اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے ہال میں داخل ہوگئے

رواں سال1لاكھ 43ہزارحجاج كرام فریضہ حج كیلئے جائیں گے جن میں سے سركاری اسكیم كے تحت86 ہزارحجاج مقدس جائیں گے،وزیرمذہبی امورسرداریوسف فوٹو: این این آئی

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ حجاج کے بہترین مفاد میں حج کوٹے کو سرکاری اور نجی اسکیم میں 40 اور 60 کے تناسب سے تقسیم کردیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرمذہبی امورسردار محمد یوسف نے بتایا كہ سعودی حكومت نے پاكستان كے حج كوٹے میں 20 فیصد كمی كا فیصلہ گزشتہ ماہ 14 جون كو كیا اور ایک مراسلے كے ذریعے ہمیں آگاہ كیا۔ انہوں نے بتایا كہ چونكہ سركاری اسكیم كے تحت حج كوٹہ مكمل كر لیا گیا ہے اور رہائشی عمارتیں بھی حاصل كرلی گئیں ہیں لہٰذا وزارت نے سركاری اسكیم كو پرائیویٹ پر ترجیح دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حج کوٹے میں کمی کے بعد رواں سال ایک لاكھ 43 ہزار 368 عازمین فریضہ حج كے لئے جائیں گے جن میں سے سركاری اسكیم كے تحت 86 ہزار جبكہ نجی اسكیم كے تحت 57 ہزار 347 عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔


سردار محمد یوسف نے بتایا كہ نجی ٹور آپریٹرز نے اب تک وزارت كے پاس صرف 21 ہزار 997 فارم بمعہ واجبات جمع كرائے ہیں جبكہ 43 ہزار كے قریب ویب سائٹ پر اپ لوڈ كیے ہیں، ان تمام حقائق كو سامنے ركھتے ہوئے حكومت پاكستان نے حجاج كے بہترین مفاد میں یہ فیصلہ كیا كہ نظر ثانی شدہ حج كوٹے كو سركاری اور نجی اسكیم میں 40 اور 60 كے تناسب سے تقسیم كر دیا جائے، اس طرح نجی اسكیم كے تحت حج پر جانے والوں کی تعداد ان كی موجودہ بكنگ سے كافی زیادہ ہے۔

اس موقع پر سیکریٹری مذہبی امور شاہد خان نے بتایا کہ سركاری اسكیم كے تحت حج کے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبكہ نجی ٹور آپریٹرز نے اب تک نہ تو حجاز مقدس جانے والوں كے لئے نہ تو عمارتیں خریدی ہیں اور نہ ہی ان كی مكمل بكنگ كی ہے لہٰذا حكومت نے نجی اسكیم سے حج كوٹہ كم كیا ہے تاكہ دونوں طرف نقصان نہ ہو۔ انہوں نے بتایا كہ سركاری اسكیم میں 20 فیصد كٹوتی سے پاكستان كو سوا ارب روپے كا نقصان ہوسكتا تھا۔

دوسری جانب وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف كی پریس كانفرنس كے دوران حج ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن كے نمائندوں نے احتجاجی مظاہرہ كیا۔ اس دوران حج ٹور آپریٹرز اپنے مطالبات منوانے كے لئے ہال میں داخل ہوگئے تاہم انہیں ہال سے باہر نكال دیا گیا، بعد ازاں مظاہرین نے سردار یوسف كی گاڑی كا گھیراؤ كرکے سیكریٹری مذہبی امور كے خلاف نعرے بازی كی۔
Load Next Story