بجلی کا بحران سنگین ہو گیا بلدیہ ٹاؤن میں ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کر گئی

سائٹ سمیت اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقے کئی گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے، طویل بریک ڈاؤن سے کاروباری سرگرمیاں متاثر.

سائٹ سمیت اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقے کئی گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے، طویل بریک ڈاؤن سے کاروباری سرگرمیاں متاثر. فوٹو: فائل

شہر میں بجلی کا بحران سنگین ہوگیا بلدیہ ٹاؤن میں 220 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی۔

جس کی وجہ سے بلدیہ ، سائٹ، ماڑی پوراور کھارادر سمیت اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقے کئی گھنٹے تک بجلی سے محروم رہے، تفصیلات کے مطابق شہر میں بجلی کا بحران منگل کو بھی جاری رہا اور شہر کے مختلف علاقوں میں دن اور رات کے اوقات میں کئی کئی گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا ہے، منگل کو شہر کے مختلف علاقوں بلدیہ ٹاؤن، ماڑی پور،کھارادر، برنس روڈ، پاکستان چوک، رنچھوڑ لائن، گارڈن، پاک کالونی، اورنگی ، رضویہ سوسائٹی، جمشید روڈ، ایف سی ایریا ، سہراب گوٹھ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، ڈالمیا، شاہ فیصل کالونی، ملیرکھوکھراپار، سعودآباد، ملیرسٹی، قائدآباد، کورنگی، محمودآباد، قیوم آباد، طارق روڈ، پی آئی بی کالونی اور دیگر مقامات پر 3 سے8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی۔

منگل کو اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں بجلی کا شدید بحران رہا اور بلدیہ ٹاؤن میں 220 کے وی کی ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرگئی جس کی وجہ سے بلدیہ ٹاؤن، ماڑی پوراور کھارادرسمیت اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں میں 6گھنٹے سے زائد بجلی بند رہی، بجلی کے طویل بریک ڈاؤن کی وجہ سے علاقے کی کاروباری سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔




لیاری میں موسی لین، میٹھادر اور دیگر علاقوں میں گزشتہ 3 روز سے بجلی کا شدید بحران جاری ہے منگل کو بھی لیاری کے مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی گئی جس کی وجہ سے لیاری کے مکینوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، گلزار ہجری کے مکینوں نے شکایت کی ہے کہ گلزار ہجری میں ہائی ٹینشن لائن بار بار ٹوٹنے سے علاقہ مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ پی سی ایس آئی آر اور جامعہ کراچی کی سوسائٹی کے درمیان گزرنے والی ہائی ٹینشن لائن 2سال سے بار بار ٹوٹ رہی ہے جس کی وجہ سے علاقے میں یومیہ 7 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ 6گھنٹے کی مزید لوڈشیڈنگ بھی کی جارہی ہے، دریں اثنا کے ای ایس سی کے ترجمان نے نے کہا ہے کہ بلدیہ ٹاؤن میں 220 کے وی کی ایکسٹرا ہائی ٹیشن لائن ٹرپ کرجانے کی وجہ سے علاقے میں بجلی کا بحران پیدا ہوا تھا جس کو درست کردیا گیا اس خرابی کی وجہ سے بلدیہ ٹاؤن، ماڑی پور، ہارون آباداور اورنگی ٹاؤن کے علاقوں میں 2 سے 3 گھنٹے تک بجلی کا بحران رہا ،ترجمان نے کہا کہ لیاری کے علاقوں میں 3 گرڈاسٹیشن کی مرمت کرکے ان کو بحال کردیا گیا ہے۔
Load Next Story