برائیڈل کیٹیور ویک

نامور فنکاروں کی عروسی ملبوسات میں کیٹ واک۔

نامور فنکاروں کی عروسی ملبوسات میں کیٹ واک۔ فوٹو: فائل

MOSUL:
ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کے سب سے مقبول اور معروف فیشن شو برائیڈل کیٹیور ویک کا لاہور میں انعقاد کیا گیا ہے جس کے پہلے دن نامور فنکاروں کی شرکت نے سماں باندھ دیا۔

سولہویں ایڈیشن میں بھی اسٹیج کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کی روایت کو برقرار رکھا گیا جس نے ہر آنے والے کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔ اس سہہ روزہ فیشن شو میں مشرقی روایت کی اقدار سے مطابقت رکھتے ہوئے عروسی رجحانات کو پیش کیا گیا۔ امسال بھی برائیڈل کیٹیور ویک کے پہلے دن ملک کے نئے عروسی رجحانات کو یکجا کیا گیا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی برائیڈل شومیں ملک کے مشہور و معروف ڈیزائنرز کیساتھ ایسے نواردان کی صلاحیتوں کو بھی سامنے لایا گیا جو نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر خود کو منوانے کے خواہاں ہیں۔ ایونٹ میں ڈیزائنرز کی کولیکشن دلکش تھی، معروف فنکاروں احسن خان، سونیا حسین، بشریٰ انصاری، ماوراحسین، بلال عباس خان، منشا پاشا، سنبل اقبال، حریم فاروق، عائزہ خان، قاسم یارٹوانہ ، گوہررشید اورکبریٰ خان سمیت دیگر نے بہت داد سمیٹی۔



شو کے پہلے دن کا آغاز ہیئر شو سے ہوا جس کے ملبوسات نتاشا کمال نے ڈیزائین کئے جبکہ اس سیگمنٹ کی اسٹائلنگ مہک سعید نے کی۔ اس سیگمنٹ میں معروف گلوکارہ زوئی وکا جی کی خاص پرفارمنس بھی قابل ذکرہے ۔ ہیئر شو کے بعد معروف ڈیزائنر نیلوفر شاہد نے اپنا انتخاب بعنوان ''بادشاہ بیگم '' پیش کیا۔ یہ انتخاب معروف مغل ملکہ نورجہاں کو خراج تحسین تھا۔ اس کے بعد ڈیزائنر عائشہ عمران نے اپنا انتخاب داستان عشق کے نام سے پیش کیا' یہ انتخاب مغلیہ دور سے متاثر تھا ۔عمران راجپوت کا انتخاب ''سرخاب'' بھی مغلیہ دور کی شان و شوکت سے متاثر تھا جس کے بعد ریما احسن نے اپنا انتخاب ''داستان'' پیش کیا۔

پہلے دن کے پہلے شو کا اختتام تبسم مغل کے انتخاب ''رومانٹک میوزنگز'' سے ہوا ۔ ارسلان اقبال کی پیش کش ''کلاسک ون پوائنٹ او'' سے ہوا جس کے بعد انصب جہانگیر نے اپنا انتخاب ''دل آراء'' ناظرین کے سامنے پیش کیا۔ اس کے بعد ڈیزائنر فائزہ ثقلین نے اپنا انتخاب ''شہنائی''حاضرین کے سامنے پیش کیا ۔پہلے روز کی تقریبات کا اختتام سحر عاطف کے انتہائی خوبصورت انتخاب ''ماہ نو'' سے ہوا جسے حاضرین نے بھرپور انداز میں سراہا۔




برائیڈل کیٹیور ویک کی ایک وجہ شہرت معروف شخصیات کو بطور شو اسٹاپرپیش کرنے کے علاوہ جاندار پرفارمنس کا مظاہرہ بھی ہے۔ پہلے دن ماورہ حسین اور کیو وائی ٹی نے نیلوفر شاہد کے شو اسٹاپر پیش کئے جبکہ منشاء پاشا اور سنبل اقبال ڈیزائنر عائشہ عمران کے شو اسٹاپرز کے طور پر جلوہ گر ہوئیں۔ بلال عباس خان نے عمران راجپوت کے لئے واک کی جبکہ حریم فاروق نے ریما احسن کے ملبوسات کے ذریعے ریمپ پر جان ڈالی۔

اداکارہ سونیا حسین اور احسن خان کے ساتھ گوہر رشید اور کبری خان نے تبسم مغل کے شو اسٹاپرز کو رونق بخشی جبکہ شہزاد نواز اور عمر شہزاد نے ارسلان اقبال کے لئے ریمپ پر واک کی۔ معروف اداکارہ بشری انصاری اپنی بیٹی میراانصاری کے ہمراہ انصب جہانگیرکے شو اسٹاپرز کے طور پر پیش ہوئیںجبکہ عائزہ خان نے فائزہ ثقلین کے شو اسٹاپر کو رونق بخشی۔ برائیڈل ویک کے پہلے روز ''رنگ آف پاکستان '' ریسلنگ چمپئن شپ میںشرکت کے لئے آئے ہوئے پروفیشنل انٹرنیشنل ریسلرز کا سرپرائز وزٹ حاضرین کی دلچسپی کا مرکز بنا رہا۔



اس موقع پر برطانیہ کے ٹائینی آئرن، الجیریا کے یاسین عثمانی، بلجئم کے برنارڈ ونڈیم، فرانس کی میلا شمد، کینیڈا کی کے سی سپینیلی، پاکستان کے واحد پروفیشنل ریسلر اور رنگ آف پاکستان کے چمپئین بادشاہ پہلوان خان، اٹلی کے ریڈ اسکوارپین اور الجیریا کے ایڈم بنسیبا کے علاوہ رنگ آف پاکستان کے آرگنائزر عمران شاہ نے حاضرین اور پاکستانی عوام کا بھرپور شکریہ بھی ادا کیا۔ واضح رہے کہ رنگ آف پاکستان چمپئین شپ 9دسمبر کو لاہور میں شروع ہوگی۔ برائیڈل کیٹیور ویک 2018ء کی شو ڈائریکٹر ونیزہ احمد علی ہیں جبکہ شو کے ہیئر اینڈ میک اپ کی ذمہ داری نبیلہ(این پرو اور این جینٹس ) اور جیولری پارٹنر حمنی عامر ہیں ۔

برائیڈل کیٹیور ویک کے حوالے سے گفتگوکرتے ہوئے معروف اداکاراحسن خان، سونیا حسین، کبری خان، بشری انصاری، نیلوفرشاہد اوردیگرکا کہنا تھا کہ یہ ایک نہایت خوش آئند حقیقت ہے کہ پاکستان میں آج ایسے شاندار اور حیرت انگیز کام ہورہے ہیں جو ہمارے لئے باعث فخراور انہیں نا صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو بتایا جا سکے کہ ہم کسی بھی شعبے خصوصا آرٹ اور کلچر میں کسی سے پیچھے نہیں۔ فیشن انڈسٹری بھی پاکستان کی دیگر صنعتوں کی مانند ایک ایسی صنعت ہے جو ترقی کی شاندار شاہراہوں پر گامزن ہے اور اس فلیٹ فارم کے ذریعے آج دنیا بھر میںہماری برائیڈل فیشن انڈسٹری کو سراہاجا رہا ہے۔

ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ اس پلیٹ فارم کے ذریعے پاکستان کا سافٹ امیج دنیا تک پہنچایا جائے۔ فنکاربرادری اس سلسلہ میں ہمیشہ ہی اپنی ذمہ داری کواحسن طریقہ سے انجام دیتی آرہی ہے۔ اگردیکھا جائے توموسم سرما میں عروسی ملبوسات سے سجے اس ایونٹ کوپاکستان ہی نہیں بلکہ دنیا بھرمیں دیکھا جارہا ہے۔ جس کی بدولت ہمارے ملک کا سافٹ امیج دنیابھرمیں پہنچ رہا ہے۔ اس کے علاوہ غیرملکی ریسلرز کی اس ایونٹ میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں دہشتگردی نہیں بلکہ پرامن ماحول ہے، جس میں ہرکسی کوآزادانہ زندگی بسر کرنے کی اجازت ہے۔
Load Next Story