ضمنی انتخابات کے موقع پر اعلیٰ حکومتی شخصیات پر42 حلقوں میں جانے پر پابندی

انتخابی عمل کوغیر جانبدار بنانے کیلئے ریٹرننگ افسران کوفرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دے دیئے گئے ہیں،الیکشن کمیشن

قومی اور صوبائی اسمبلی کے 42 حلقوں پر 22 اگست کو پولنگ ہوگی۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے صدر مملکت، وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ سمیت وفاقی اور صوبائی وزرا پر ان حلقوں میں جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔


الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹی فکیشن کے مطابق قومی اور صوبائی اسمبلی کے ان تمام حلقوں جہاں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے وہاں صدر مملکت، وزیراعظم،وفاقی و صوبائی وزرا اور دیگر حکومتی عہدے رکھنے والی شخصیات نہیں جاسکتیں ، اس کے علاوہ ان حلقوں میں ترقیاتی اسکیموں کے اعلان سمیت کوئی بھی ایسا عمل نہیں کیا جاسکتا جو ووٹرز کی رائے بدلنے کے لئے کیا گیا ہو، الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو غیر جانبدار بنانے کے لئے ریٹرننگ افسران کو فرسٹ کلاس میجسٹریٹ کے اختیارات بھی تفویض کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 42 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لئے شیڈول کا اعلان کردیا ہے جس کے تحت ان حلقوں کے رجسٹرڈ ووٹرز 22 اگست کو اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
Load Next Story