زہرا شاہد قتل کیس میں ڈیڑھ ماہ بعد بھی پیش رفت نہ ہوسکی

پی ٹی آئی کی رہنما کو 18مئی کو نامعلوم ملزمان نے قتل کیا تھا،کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا.

انتہائی باریک بینی سے کیس پر کام کررہے ہیں، جلد حل کرلیں گے، ایس ایس پی سائوتھ فوٹو فائل

ISLAMABAD:
تحریک انصاف سندھ کی سینئر نائب صدر زہرا شاہد حسین کے قتل کو ڈیڑھ ماہ گزرگیا ۔

لیکن مقدمے میں تاحال کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوسکی ، پولیس مقدمے میں اب تک کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کرسکی، دوسری جانب ایس ایس پی ساؤتھ ناصر آفتاب کا کہنا ہے کہ پولیس انتہائی باریک بینی اور پوری تندہی سے کیس پر کام کررہی ہے ، جلد ہی کیس کو حل کرلیا جائے گا، تفصیلات کے مطابق18مئی کو ڈیفنس میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے تحریک انصاف سندھ کی سینئر نائب صدر زہرا شاہد حسین ہلاک ہوگئی تھیں، واقعے کے بعد ملزمان با آسانی فرارہوگئے ، ذرائع نے بتایا کہ ملزمان کی عمریں 18 سے 22 برس تھیں۔

دونوں پینٹ شرٹ میں ملبوس تھے جبکہ واردات کے دوران دونوں نے آپس میں کوئی بات چیت نہیں کی، زہرا شاہد جیسے ہی گاڑی سے اتر کر بنگلے کے اندر جانے لگیں کہ موٹر سائیکل سوار آئے اور ایک ملزم نے اپنی پستول لوڈ کی ، اسی دوران زہرا شاہد نے اپنا بیگ ملزم کو دینے کے لیے آگے بڑھایا جوکہ ملزم نے اپنے ہاتھ سے نیچے گرادیا اور ان کی کنپٹی پر پستول رکھی۔




جس پر اپنے بچاؤ کی غرض سے وہ پیچھے ہوئیں ، اسی اثنا میں ملزم نے فائر کیا جوکہ ان کے جبڑے میں لگ کر چہرے کے دوسری جانب سے پار ہوگئی ، ملزم نے انتہائی سرعت کے ساتھ واردات انجام دی ۔

جبکہ اس کے ساتھی نے موٹر سائیکل اسٹارٹ حالت میں رکھی ، واردات کے دوران ڈرائیور کو گاڑی سے اترنے کا بھی موقع نہ مل سکا اور ملزمان انتہائی آسانی کے ساتھ فرار ہوگئے ، واقعے کا مقدمہ 22 مئی کو گذری تھانے میں الزام نمبر 198/13 بجرم دفعہ 302/34 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ، واقعے کو ڈیڑھ ماہ بیت گیا لیکن مقدمے میں تاحال کوئی اہم پیش رفت نہیں ہوسکی ہے ، پولیس واردات میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے ، اس سلسلے میں ایس ایس پی ساؤتھ ناصر آفتاب نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس پوری تندہی سے اس کیس پر کام کررہی ہے ، جلد ہی ملزمان کو گرفتار کرلیا جائے گا ، انھوں نے کہا کہ وہ مزید تفصیلات نہیں بتاسکتے اور جیسے ہی کوئی پیش رفت ہوگی میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا ۔
Load Next Story