برطانیہ الطاف حسین کے معاملے سے متعلق حکومت پاکستان کو باخبررکھ رہا ہے وزیرداخلہ

الطاف حسین یا کسی بھی شخص کے بارے میں کارروائی قانون کے مطابق ہو گی، چوہدری نثارعلی

سابق صدر پرویزمشرف کے خلاف ایف آئی اے کی تحقیقات سے قوم اورمیڈیا کو باخبر رکھا جائے گا، وفاقی وزیر داخلہ۔ فوٹو : فائل

وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ برطانیہ الطاف حسین کے معاملے سے متعلق حکومت پاکستان کو باخبررکھ رہا ہے تاہم اس حوالے سے ابھی تک کوئی مدد نہیں مانگی گئی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری نثارعلی خان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا معاملہ لندن میں چل رہا ہے اور اس حوالے سے برطانیہ نے ابھی تک پاکستان سے کوئی مدد نہیں مانگی تاہم حکومت پاکستان کو باخبر رکھا جا رہا ہے،الطاف حسین یا کسی بھی شخص کے بارے میں کارروائی قانون کے مطابق ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی 4 رکنی کمیٹی سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت شواہد جمع کرررہی ہے اور اس کے بعد تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی جائے گی اس سلسلے میں میڈیا اور قوم کو تمام پیشرفت سے آگاہ رکھا جائے گا۔


وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈرون حملے فائدے کے بجائے نقصان پہنچا رہے ہیں ، اس سلسلے میں امریکا کو واضح طور پر پاکستان کے موقف سے آگاہ کردیا گیا ہے تاہم تمام تر تحفظات اور احتجاج کے باوجود امریکا اسے جاری رکھے ہوئے ہے اور امریکی ڈھٹائی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔

چوہدری نثارعلی کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کی نئی پالیسی آپریشنل اور اسٹریٹجک حصوں پر مشتمل ہو گی، اسٹریٹجک پالیسی میں دیکھنا ہو گا کہ دہشت گرد گروپ کاتعلق کس ملک اور کس ایجنسی سے ہے جبکہ آپریشنل پالیسی میں دہشت گردی سے نمٹنے کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، حکومتی اقدامات پر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے اچھا ردعمل آیا ہے اور گلگت بلتستان واقعےمیں ملوث کچھ افراد کو گرفتار کر لیا گیاہے،اس کے علاوہ لاپتہ افراد کی بازیابی، ڈاکٹر عافیہ صدیقی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے 3 ٹاسک فورس بھی تشکیل دی گئیں ہیں جن سے دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کی گئی ہے۔
Load Next Story