قومی ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت مل گئی

منتخب کھلاڑیوں کا تعلق کراچی سے ہے جو ملازمت سے محروم تھے

ملازمتیں ڈی جی رینجرز کی ہدایت پر دی گئیں، فوٹو: فائل

ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید کی ہدایت پر قومی ہاکی ٹیم کے 8 بہترین کھلاڑیوں کو سندھ رینجرز میں ملازمت دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ نے کراچی کے 8 جوانوں کی قسمت بدل دیتے ہوئے بے روزگار قومی ہاکی ٹیم کے بہترین پلیئرز کو سندھ رینجرز میں ملازمت دلوا دی۔


سیکرٹری جنرل کراچی ہاکی ایسوسی ایشن حیدر حسین نے پلیئرز کو ملازمت دینے پر ڈی جی رینجرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ 25 سال بعد روایت ٹوٹی اور ہاکی ٹیم کے کسی کھلاڑی کو ملازمت دی گئی، ہم ڈی جی رینجرز کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے یہ احسن قدم اٹھایا جب کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کو ان سے سبق سیکھنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا قومی کھیل ہاکی ہے، جب ملازمت ہی نہیں ہوگی تو کھیلے گا کون، حیدر حسین نے بتایا کہ نوکریوں کے لیے پلیئرز کا انتخاب تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے کیا، یہ سلیکشن کمیٹی اولمپئن سمیع اللہ، اولمپئن حنیف خان اور حیدر حسین پر مبنی تھی جنہوں نے 8 بہترین کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔

سلیکٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں بدرالدین، آصف، فیضان خان اور غلام فرید منصور، عامر حسین، سہیل عباس، روہیل علی اور بلال احمد شامل ہیں، منتخب کھلاڑیوں کا تعلق کراچی سے ہے جو ملازمت سے محروم تھے۔
Load Next Story