پولیس وانتظامیہ جرائم پر کنٹرول کرنے میں ناکام ہوچکے تاجر

مارکیٹوں میں پولیس کیساتھ رینجرز کا بھی گشت بڑھایا، اضافی نفری تعینات کی جائے

جمیل احمد پراچہ کا کراچی بھر کے تاجر رہنماؤں کے ہنگامی اجلاس میں خطاب۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ کو روکنے میں پولیس اور انتظامیہ مکمل ناکام ہوچکے ہیں۔

کراچی کی مارکیٹوں کو محفوظ کرنے کیلیے پولیس اور رینجرز کو مارکیٹوں میں گشت بڑھانا ہوگا اور اضافی نفری تعینات کرنا ہوگی۔ یہ بات سندھ تاجر اتحاد کے چیئر مین جمیل احمد پراچہ نے کراچی بھر سے بلائے گئے تاجر رہنماؤں کے ہنگامی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اجلاس میں کاشف صابرانی، اسماعیل لالپوریہ، حبیب شیخ، سلیم میمن، حاجی ہارون چاند، محمد اسحاق صراف، خالد محمود، مقصود احمد، راشد علی شاہ، محمد ایوب نظامی، جوڑیا بازار سے بھولو، ابراہیم چھیپا، حنیف کاٹلیا، سلیم بٹلہ، جاوید عبداللہ، محمد وسیم، محمد سہیل اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تمام تاجروں نے متفقہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ مارکیٹوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کیا جائے اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ پولیس کی اضافی نفری کے ساتھ رینجرز کی اضافی نفری بھی مارکیٹوں میں تعینات ہونی چاہیے۔




تاجروں نے یہ بھی کہا کہ ہم جمہوریت کے خواہاں ہیں، کراچی شہر میں فوج کا مطالبہ نہیں کرتے مگر رینجرز بھی فوج کا ایک ذیلی ادارہ ہے گزشتہ کئی برس سے رینجرز شہر میں موجود ہے، حکومت کو رینجرز کو بھتہ خوروں اور ٹارگٹ کلرز کے خلاف فعال کرنا ہوگا۔

تاجروں نے وزیر اعلیٰ سندھ ، گورنر سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس ڈوبتی ہوئی معیشت کو بچانے کیلیے ٹھوس اقدامات کریں اور تمام سیاسی اور سماجی تنظیموں کو ایک ٹیبل پر بٹھا کر شہر کے امن کے لیے متفقہ فیصلہ کریں، تما م سیاسی تنظیمی پاکستان ہی کی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سب کو کراچی کے امن کی فکر ہے اگر تمام سیاسی جماعتیں ایک ٹیبل پر بیٹھ جائیں تو دہشت گردوں اور بھتہ مافیا کی کمر ٹوٹ جائے گی۔
Load Next Story