دورہ زمبابوے پرویزرسول کی بھارتی ٹیم میں شمولیت

اسپنر کو مقبوضہ کشمیر سے نیشنل سائیڈ میں جانیوالے پہلے کرکٹر کا اعزاز مل گیا

اسپنر کو مقبوضہ کشمیر سے نیشنل سائیڈ میں جانیوالے پہلے کرکٹر کا اعزاز مل گیا۔ فوٹو: فائل

بھارت نے دورہ زمبابوے کے لیے مقبوضہ کشمیر کے آف اسپنر پرویز رسول کو منتخب کرلیا۔

وہ وادی سے نیشنل سائیڈ میں جگہ پانے والے پہلے کرکٹر بن گئے، خلاف توقع گوتم گمبھیر کی واپسی ممکن نہیں ہوسکی، انجرڈ مہندرا سنگھ دھونی کی جگہ 24 جولائی سے 3 اگست تک شیڈول دورے میں ویرت کوہلی قیادت کے فرائض انجام دیں گے، دھونی کو آرام دے دیاگیا ، پرویز رسول کی ہی طرح ہریانہ اور چنئی سپرکنگز کے سیمر موہت شرما کو بھی پہلی مرتبہ ملک کی نمائندگی کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

ماضی میں ایک ٹیسٹ میچ کھیلنے والے جادیو انکت کی بھارتی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوگئی، ٹاپ آرڈر میں شیکھر دھون کے ساتھ روہت شرما، دنیش کارتھک، چیتشور پجارا، سریش رائنا، امبتی رائیدو اور اجنکیا راہنے موجود ہیں، 13 ٹیسٹ میچز میں صلاحیتوں کے جوہر دکھانیوالے چتیشور پجارا کو پہلی مرتبہ محدود اوورز کے مقابلوں کیلیے منتخب کیا گیا ہے، بیٹسمین مرالی وجے کو ڈراپ کردیا گیا۔




جبکہ تجربہ کار اسپنر روی چندرن ایشون، ایشانت شرما، امیش یادیو اور بھونیشور کمار ویسٹ انڈیز میں ٹرائنگولر سیریز کے اختتام پر زمبابوے جانے کی بجائے وطن واپس پہنچیں گے، 2008-09 سیزن میں جے اینڈ کے کی جانب سے فرسٹ کلاس ڈیبیو کرنے والے پرویز رسول اب تک 17 میچز میں 1003 رنز بنانے کے علاوہ 46 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں، انھیں رواں برس فروری میں آسٹریلیا کیخلاف ٹور میچ کیلیے بھی بھارتی ' اے ' اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ آئی پی ایل کے چھٹے ایڈیشن میں پرویز نے پونے واریئرز کی نمائندگی بھی کی ہے،بھارتی سلیکٹرز نے اس کے علاوہ زمبابوے جانے والے پلیئرز میں سے10 کواس کے بعد جنوبی افریقہ میں شیڈول ' اے ' ٹور کیلیے بھی منتخب کیا ہے، جہاں ٹیم کی قیادت پجارا کے سپرد ہوگی، ایشور پانڈے اور سدھارتھ کول کے علاوہ وردھیمان ساہا بھی بطور وکٹ کیپر دنیش کارتھک کو جوائن کرلیں گے، آل راؤنڈر اسٹورٹ بنی بھی جنوبی افریقہ جائیں گے۔زمبابوے سے ون ڈے سیریز کے پانچ میچز بالترتیب 24، 26، 28، 31 جولائی اور 3 اگست کو کھیلے جائیں گے۔
Load Next Story