شیخ رشید سیاست کا بنارسی ٹھگ اور جمہوریت کے لیے ناسور ہے رانا ثناء اللہ

سب جانتے ہیں شیدے ٹلی نے شیخ رشید تک کا سفر کس طرح طے کیا، رانا ثناء اللہ

عمران خان کا چپڑاسی اپنی نوکری پکی کررہا ہے، رانا ثناء اللہ فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ شیخ رشید سیاست کا بنارسی ٹھگ اور جمہوریت کے لیے ناسور ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کی جمہوریت کو ہمیشہ خطرہ رہا ہے اور آج بھی یہی خطرہ لاحق ہے، شیخ رشید سیاست کا بنارسی ٹھگ اور جمہوریت کے لیے ناسور ہے، نواز شریف کا ماتھا چومنے والا آج عمران خان کے بوٹ چاٹ رہا ہے، عمران خان کا چپڑاسی اپنی نوکری پکی کررہا ہے۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کو دوسروں کے خلاف دشنام طرازی سے پہلے اپنا ماضی یاد رکھنا چاہیے، سب جانتے ہیں شیدے ٹلی نے شیخ رشید تک کا سفر کس طرح طے کیا، عوام کو معلوم ہے کہ شیخ رشید جب ظہور الہی کا بغل بچہ تھا تو اس کے پاس کیا تھا، جتنے این آر او شیخ رشید نے لیے ہیں تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی۔


مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ شیخ رشید قوم کو ریشم کے کاروبار کی تفصیل بتائے، شیخ رشید کی ہرزہ سرائی عدالت کے متوقع فیصلے پر اثر انداز ہونے کی گھٹیا، غیرقانونی اور غیر اخلاقی حرکت ہے، چیف جسٹس صاحب کو چاہیے کہ نیب کے اس خودساختہ ترجمان کے بیان کا نوٹس لیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مریم نواز کے لیے این آر او

واضح رہے کہ شیخ رشید نے کہا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری نے اگلی نسلیں بھی برباد کردیں، نواز شریف اپنی بیٹی مریم نواز کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں۔ کیمرہ مین پر تشدد کا پرچہ نواز شریف پر کٹنا چاہیے۔
Load Next Story