کھلے پھاٹکوں پر مستقل چوکیدار مقرر کرنا ممکن نہیں وزیر ریلوے

آئندہ لائن کراسنگ انڈرگراؤنڈ یا اوور ہیڈ برج کے ذریعے ہی بنانے کی اجازت ہوگی، سعد رفیق.

شیخوپورہ میں ٹرین کی زد میں آنے والے چنگ چی رکشا کا ڈھانچہ جائے وقوع پر موجود ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ آئندہ کسی بھی صوبے نے لائن کراسنگ بنانا ہے تو انڈر گراؤنڈ یا اوور ہیڈ برج کراسنگ کے ذریعے ہی بنانے کی اجازت دی جائیگی۔

ریلوے کراسنگ پر محکمے کی جانب سے قانون سازی ہو رہی تھی تاہم شخوپورہ ٹرین حادثے کے بعداس پر کام تیزکر دیا ہے۔ سیاسی دباؤ کے تحت بنائے گئے کراسنگ ختم کر دیے جائیں گے۔ پنجاب حکومت نے شیخوپورہ حادثے میں جاں بحق افراد کے ورثاکیلیے 5 لاکھ روپے فی کس مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ یہ بات انھوں نے ہفتے کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر جنرل مینجر ریلوے آپریشن محمد جنیدقریشی اور ایڈیشنل جنرل مینجر انفراسٹرکچر غلام محمد قریشی بھی موجود تھے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 40 برس سے ریلوے کراسنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوا مگر اب اس کو حل کرنا ہے۔ محکمہ اپنے وسائل میں رہتے ہوئے تمام مسائل کو حل کرے گا۔ ریلوے کی تینوں پرائیویٹ کمپنیوں کو اپنی آمدنی بڑھانے کیلیے کہا ہے اور جو کوئی کمپنی اپنی آمدنی نہیں بڑھائے گی اسے بند کردیا جائیگا۔




ملک بھر میںمجموعی طور پر 3783لیول آف کراسنگ ہیں جن میں سے 2442پر بغیر پھاٹک یا رکاوٹ کے ہیں، ریلوے انتظامیہ کو 60روز کا وقت دیا ہے کہ وہ جلد از جلد اس پرسروے مکمل کریں، سروے میں یہ دیکھا جائیگا کہ کتنی کراسنگ کو بند کیا جا سکتا ہے اور کتنے بہتر کیے جا سکتے ہیں۔ سعد رفیق نے شیخوپورہ حادثے کے حوالے سے کہا کہ ٹرین ڈرائیورکا کہنا تھا کہ بہت کم فاصلہ رہ گیا تھا ، جس وقت رکشہ والا ریلوے ٹریک پر آگیا ، اس نے ایمرجنسی بریک بھی لگائی تھی۔

وزیر ریلوے نے بتایا کہ وہ صبع ساڑھے 10 بجے سول سیکریٹریٹ میں چیف سیکریٹری سے اس معاملے پر میٹنگ کر رہے تھے اور 2 گھنٹے بعد یہ حادثہ پیش آ گیا جو انتہائی افسوسناک ہے ۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان ریلوے نے پنجاب بھر میں 2832کھلے پھاٹکوں پر چوکیداروں کی مستقل تعیناتی کو ناممکن قرار دیدیا اور ان کا کہنا ہے کہ کھلے پھاٹکوں پر گیٹ لگانے کیلیے تمام صوبوں سے 50ارب روپے لینا ہونگے کیونکہ ریلوے کے پاس اتنے فنڈ نہیں ہیں۔ اے کلاس ریلوے کراسنگ پھاٹک پر ایک کروڑ 70 لاکھ روپے اور بی کلاس پر 40 لاکھ روپے لاگت آتی ہے۔
۔۔

 
Load Next Story