رینٹل پاور اور فصیح بخاری کے خلاف کیس کی سماعت کل ہوگی

این آر او عمل درآمد کیس جمعرات، لال مسجد کیس کی سماعت 11جولائی کو ہوگی۔

سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے 5 بینچ تشکیل دے دیے گئے فوٹو: فائل

سپریم کورٹ میں زیر التوا مقدمات کی سماعت کے لیے5 بینچ تشکیل دے دیے گئے ہیں۔

تمام بینچ 8 سے12 جولائی تک اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے۔آئندہ ہفتے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ اہم مقدمات سنے گا۔ پیر کو رینٹل پاور پروجیکٹ کے بارے میں عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیس اور سابق چیئر مین نیب ایڈمرل (ر) فصیح بخاری کے خلاف توہین عدالت کے مقدمے کی سماعت کی جائے گی۔




منگل کو سابق وزیر داخلہ رحمٰن ملک کے خلاف توہین عدالت، بدھ کو این آئی سی ایل میں کئی ارب روپے کی کرپشن کیس، جمعرات کو این آر او عمل درآمد اور جمعے کو ای او بی آئی میں 40 ارب روپے کی کرپشن کیس کی سماعت ہوگی۔اس کے علاوہ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ 10 جولائی کو اوگر ا عمل درآمد اور توقیر صادق کے خلاف کارروائی کے بارے میںکیس کی سماعت کرے گا جبکہ 11 جولائی کو لال مسجد آپریشن اور سابق نگراں وزیر اعظم میر ہزار خان کھوسو کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ سنے گا۔
Load Next Story