مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کی شہادت پر پلوامہ میں چھٹے روز بھی ہڑتال

کاروباری مراکز، تعلیمی ادارے بند رہے، سیکیورٹی رسک کا بہانہ بنا کر کشمیریوں کے روایتی لباس پر پابندی عائدکردی گئی۔

علی گیلانی اور میرواعظ کی کشمیری حریت قائدین کے ساتھ بھارتی حکمرانوں کے غیر اخلاقی سلوک کی شدید مذمت۔ فوٹو : فائل

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 11نوجوانوں کی شہادت پرپلوامہ قصبے میں چھٹے روز بھی مکمل ہڑتال رہی۔

پلوامہ قصبے میں 11نوجوانوں کی شہادت پر چھٹے روز بھی دکانیں، کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمد و رفت معطل رہی۔ حریت قیادت کے رہنماؤں سید علی گیلانی اور میرواعظ عمر فاروق نے کشمیری حریت قائدین کے ساتھ بھارتی حکمرانوں کے غیر جمہوری اور غیر اخلاقی سلوک اور انہیں جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کارروائیوں کو انسانی اورجمہوری حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔


یاسین ملک نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے بادامی باغ مارچ کو روکنے کیلیے طاقت کا استعمال کیا۔ نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان فاروق عبداللہ نے کہا کہ وادی کشمیر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں عام شہریوں کی شہادت سے لوگوں میں آزادی کا جذبہ پیدا ہورہا ہے۔

مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے سکیورٹی رسک کا بہانہ بناکر کشمیریوں کے روایتی لباس پھیرن پہننے پر پابندی عائد کردی۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ نئے حکم نامے میں محکمہ تعلیم کے دفاتر اور سول سیکریٹریٹ میں پھیرن پہن کر داخلے پر پابندی عائد کردی گئی۔
Load Next Story