سنگتروں اور ٹماٹروں سے لڑائی

تفریح کے لئے اٹلی میں سنگترہ استعمال کیا جاتا ہے تواسپین کے شہر ویلنسیا میں اس مقصد کے لئے ٹماٹر کواستعمال کیاجاتا ہے۔

تفریح کے لئے اٹلی میں سنگترہ استعمال کیا جاتا ہے تواسپین کے شہر ویلنسیا میں اس مقصد کے لئے ٹماٹر کواستعمال کیاجاتا ہے۔ فوٹو: فائل

سنگتروں کے ذریعے لڑائی بنیادی طور پر اٹلی کے شہر ایوریا کا ایک معروف تہوار ہے، جو ہر سال فروری میں منایا جاتا ہے اور تین روز تک جاری رہتا ہے۔

اس کھیل میں عمومی طور پر دو گروپس بنائے جاتے ہیں، جن میں سے ایک عام شہریوں جبکہ دوسرا ظالم حکمران کی فوج پر مشتمل گروپ ہوتا ہے۔ عام افراد پر مشتمل گروپ میں پھر مزید 9 ٹیمیں بنائی جاتی ہیں، جو چھکڑے/گاڑی پر سوار ظالم حکمران گروپ پر سنگترے پھینکتی ہیں اور دوسری طرف گاڑی پر سوار گروپ کے پاس سنگتروں کا وسیع ذخیرہ ہوتا ہے، جو وہ اپنے فریقین پر برساتا ہے۔ ان ٹیموں کی شناخت کے لئے ان کو الگ الگ رنگوں کی یونیفارم دی جاتی ہے، جس میں ہیلمٹ کا خاص اہمیت حاصل ہوتی ہے۔

مقابلے میں فتح یاب ٹیم کا اعلان منتخب ججز نے کرنا ہوتا ہے، جو پہلے سے آخری روز تک ہر ٹیم کی کارکردگی کا مسلسل جائزہ لیتے ہیں۔ اس تفریح کودیکھنے والوں کی تعداد میں ہر سال تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور آج ان کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ کھیل میں تقریباً 5 لاکھ کلو گرام سنگترے استعمال ہوتے ہیں۔ تفریح اور جوش و خروش سے بھرپور اس سرگرمی کے انعقاد کے پیچھے ایک تاریخ بیان کی جاتی ہے۔


کہا جاتا ہے کہ 12ویں اور 13 ویں صدی میں جب ایوریا پر ایک ظالم حکمران قابض ہوا تو اس نے جنسی آسودگی کے لئے بنائے گئے کالے قوانین کے مطابق شکست خوردہ بادشاہ ملر کی بیٹی کو اپنی خواہش کی تکمیل کے لئے طلب کیا، لیکن اس لڑکی نے ظالم اور قابض حکمران کا گلا کاٹ کر آزادی کی تحریک چلا دی، جس میں عام شہریوں نے پتھروں سے اس ظالم حکمران کی فوج کا سامنا کیا۔ اس فیسٹیول کے آغاز پر فرضی ظالم حکمران کی فوج پر برسانے کے لئے لوبیا اور سیب کا استعمال کیا گیا تاہم 19ویں صدی میں اپنے رنگ اور رس کی وجہ سے سنگتروں نے ان کی جگہ لے لی۔

تفریح کے لئے اٹلی میں سنگترہ استعمال کیا جاتا ہے تو اسپین کے شہر ویلنسیا میں اس مقصد کے لئے ٹماٹر کو استعمال کیا جاتا ہے، جس کا آغاز 1945ء میں ہوا اور آج ہر سال یہ فیسٹیول باقاعدگی سے منایا جاتا ہے، جس میں دنیا بھر سے ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں۔

رواں برس اگست میں ہونے والی ٹماٹر کی سالانہ جنگ میں 160 ٹن ٹماٹروں کے کئی ہزار کریٹ استعمال کئے گئے۔ اس گیم کے قوانین کے مطابق کوئی کھلاڑی دوران کھیل دوسرے پر بوتل سمیت کوئی سخت چیز نہیں پھینک سکتا، ٹماٹر کو مارنے سے پہلے اسے ہاتھ میں ہی نچوڑ لیا جائے، ٹرک یا گاڑی، جس کی طرف ٹماٹر مارا جائے گا، اس سے محفوظ فاصلے پر قیام کیا جائے۔ سپین کے علاوہ یہ کھیل امریکی ریاست نیواڈا، کولوراڈو، چین اور بھارت کی ریاست بہار میں بھی کھیلا جاتا ہے۔
Load Next Story