نوکوٹ حیسکو عملے کی سرپرستی میں بجلی کی چوری جاری

فلور ملز، پیٹرول پمپس اور دیگر کارخانوں کے میٹر بند، نقصان صارفین پر ڈالا جارہا ہے، ذرائع

ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اکثر ملازمین یونین کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے افسران کو بلیک میل کرتے ہیں۔ فوٹو: فائل

سب ڈویژن حیسکو نوکوٹ کے ایس ڈی او اور عملے کی مبینہ کرپشن کے باعث علاقے میں کنڈا سسٹم کا سلسلہ جاری۔

ملازمین نے اپنے اپنے مخصوص علاقے بانٹ رکھے ہیں، لائن لائسنز پورا کرنے کے لیے غیر علانیہ بجلی بند کردی جاتی ہے، صارفین کی متعلقہ حکام سے کارروائی کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن واپڈا حیسکو نوکوٹ کے افسران اور عملے کی مبینہ کرپشن کے باعث شہر اور دیہات میں کنڈا سسٹم اور میٹر بند کرنے کا سلسلہ کئی برسوں سے جاری ہے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اکثر ملازمین یونین کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے افسران کو بلیک میل کرتے ہیں جس کی وجہ سے اکثر ایس ڈی او ریکوری پوری نہیں کرپاتے اور بجلی چوروں کے خلاف ایکشن نہیں لیا جاتا۔




حیسکو اہلکاروں نے علاقے بانٹ رکھے ہیں جن کی سرپرستی یونین عہدیدار کرتا ہے، شہر اور دیہات میں اکثر گھروں میں 3 سے 4 اے سی چل رہے ہیں، ان کا بل نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے۔ فلور ملز، لیتھ مشین، پیٹرول پمپ کے اکثر میٹر بند ہوتے ہیں اور اگر کوئی ٹیم چیکنگ کے لیے آجاتی ہے تو ان افراد کو فوری طور موبائل پر اطلاع کردی جاتی یا پھر بھاری نذرانہ دے کر واپس بھیج دیتے ہیں، اکثر غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سبب لائن لائسز پورے کرنے کے لیے گرڈ اسٹیشن کے عملے کو فالٹ کا بتاکر بجلی بند کروائی جاتی ہے۔ شہریوں نے چیئرمین حیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ سب ڈویژن نوکوٹ میں ایماندار عملے کو تعینات کیا جائے اور کرپٹ اہلکاروں کو ہٹا یا جائے۔
Load Next Story