ومبلڈن ٹرافی مرے نے 77 سالہ برطانوی انتظار ختم کردیا

فائنل میں سربیا کے نووک جوکووک کو مات، بوائز ٹائٹل اٹلی کے کوئنزی نے جیتا

برطانیہ کے لیے 77 برس بعد ومبلڈن ٹائٹل جیتنے والے اینڈی مرے ٹرافی چوم رہے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

اینڈی مرے نے ومبلڈن ٹرافی جیت کر انگلینڈ کا 77 سالہ انتظار ختم کردیا، انھوں نے فائنل میں ٹاپ سیڈ سربیا کے نووک جوکووک کو 6-4،7-5 اور 6-4 سے ٹھکانے لگادیا۔

برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے بھی فائنل اسٹیڈیم میں بیٹھ کر دیکھا، بوائز سنگلز ٹائٹل اطالوی پلیئر گینلوگی کوئنزی کے نام رہا، انھوں نے فیصلہ کن معرکے میں کوریا کے ہیون چونگ کو 7-5،7-6(7/2) سے زیرکیا۔تفصیلات کے مطابق ومبلڈن ٹرافی کیلیے برطانیہ کا 77 سالہ انتظار ختم کرنے والے مرے نے جوکووک کیخلاف تاریخی فتح پر کہا کہ میرے لیے یہ معرکہ سر کرنا انتہائی مشکل رہا، 26 سالہ اینڈی مرے گذشتہ برس ومبلڈن کے فائنل میں راجرفیڈرر کے ہاتھوں شکست پرآبدیدہ ہوگئے تھے تاہم اس مرتبہ وہ 1936 میں فریڈ پیری کے بعد ہوم گرینڈ سلم ایونٹ جیتنے والے پہلے انگلش مرد کھلاڑی بن گئے۔




مرے نے اپنی چوتھی کوشش میں ٹائٹل جیتنے کیلیے تین میچ پوائنٹس بھی گنوائے، انھوں نے گذشتہ برس کے اواخر میں یوایس اوپن کی صورت کیریئر کا پہلا گرینڈ سلم جیتاتھا ، تاہم جوکووک کیخلاف کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہاکہ میرے لیے میچ کے چند اختتامی پوائنٹس کا حصول مشکل ترین رہا، میں نے کئی مرتبہ جوکووک کا سامنا کیا ہے وہ ہمیشہ ایک فائٹر کی طرح خسارے میں جانے کے بعد واپس آنے کی کوشش کرتا ہے، آج کے مقابلے میں بھی اس نے ایسا ہی کیا، لیکن مجھے قوم کی توقعات کا اندازہ تھا، فتح کے بعد اینڈی مرے پلیئرز باکس میں موجود اپنی دوست کم سیئرز اور کوچ ایوان لینڈل سے گلے ملنے پہنچے۔
Load Next Story