بھارتی حکومت ثبوت دے تو تحقیقات کرینگے رحمن ملک

ممبئی حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم دہرایا گیا

ممبئی حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم دہرایا گیا ۔ فوٹو: ایکسپریس

وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور بھارت کے وزیرداخلہ سنیل کمار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں رحمن ملک نے سنیل کمار کووزیر داخلہ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی جبکہ سنیل کمارنے وزیرداخلہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اور پاکستان کے عوام کو عید الفطر کی مبارکباد دی۔


دونوں وزرائے داخلہ نے پاکستان اور بھارت کے عوام کے بہترین مفاد میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا اور دونوں اطراف سے معاملات کو باہمی تعاون کے ذریعے حل کرنے اور قریبی رابطے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، دونوں اطراف سے باہمی تعاون کے ذریعے ممبئی حملوں کے ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم دہرایا گیا ہے جبکہ رحمن ملک نے کہا کہ پاکستان خطے سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مکمل تعاون کرے گا ، انھوں نے بھارتی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تاکہ ویزا معاہدے کو حتمی شکل دی جاسکے۔

مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق رحمان ملک نے بتایا کہ بھارتی وزیر داخلہ نے آسام سے ہونے والی نقل مکانی کے پیچھے پاکستان سے ایم ایس ایم کو ذمے دار ٹھہرایا تاہم بھارتی ہم منصب کوآگاہ کردیا گیا ہے کہ ہمارے پاس ایسی کوئی اطلاع نہیں، بھارتی حکومت ثبوت دے مکمل تحقیقات کریں گے۔
Load Next Story