منی لانڈرنگ کیس آصف زرداری آج سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے

سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی مرتب کردہ رپورٹ فریقین کے حوالے کرے گی

سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی مرتب کردہ رپورٹ فریقین کے حوالے کرے گی فوٹو:فائل

منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری آج سپریم کورٹ میں پیش نہیں ہوں گے۔

چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل سپریم کورٹ کا تین رکنی بنچ آج لاہور رجسٹری میں منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کرے گا۔ سابق صدر آصف زرداری آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے بلکہ ان کے وکلا کی ٹیم پیش ہوگی جس میں فاروق ایچ نائیک، سردار لطیف کھوسہ اور دیگر شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری اور فریال تالپور جے آئی ٹی کے سامنے پیش


کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کراچکی ہے اور امکان ہے کہ آج عدالت رپورٹ فریقین کے حوالے کرے گی۔

لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد اپنا قانونی لائحہ عمل بنائیں گے، سپریم کورٹ میں آج کیا ہوتا ہے اس بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے، ہوتا تو یہی ہے کہ رپورٹ فریقین کو دے کر نئی تاریخ دی جاتی ہے۔

پس منظر


ایف آئی اے نے 29 جعلی بینک اکاؤنٹس کا سراغ لگایا تھا جن کے ذریعے 35 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ اس کیس میں بہت بااثر شخصیات اور بعض بینکوں کے سربراہان کے نام سامنے آئے ہیں، جب کہ چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکسچینج حسین لوائی سمیت آصف زرداری کے قریبی ساتھی اور اومنی گروپ کے مالک انور مجید سمیت کئی افراد زیر حراست ہیں۔

Load Next Story