وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا کی بجلی چوروں کے خلاف حکمت عملی بنانے کی ہدایت

پیسکو بجلی چوری میں ملوث اور معاونت کرنے والے اپنے اہل کاروں کے خلاف بھی کارروائی کرے، محمود خان

عوام کے لیے بجلی کے میٹرز کی تنصیب کا عمل آسان اور سہل بنایا جائے، محمود خان (فوٹو: فائل)

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان نے بجلی چوری کی روک تھام کے لیے واضح حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے بجلی چوری روکنے کے لیے واضح حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ پیسکو بجلی چوری روکنے کے لیے مکمل ضابطہ عمل وضع کرے، پیسکو اپنے سسٹم، کارکردگی اور کمزوریوں پر قابو پائے، اوور بلنگ کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، پیسکو غلط اعداد و شمار کے بجائے حقیقت پر مبنی ڈیٹا فراہم کرے، صوبائی حکومت بجلی چوری کے خاتمے اور جائز ریکوری میں مکمل تعاون فراہم کرے گی۔


وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ پیسکو چیف اپنے ادارے کے اندر مافیا کو کنٹرول کریں اور حقیقی بجلی چوروں پر ہاتھ ڈالیں، بجلی چوری کی حوصلہ شکنی کے لیے بلاتفریق آپریشن شروع کیا جائے، جہاں زیادہ لاسز اور بجلی چوری ہو، وہاں سب سے پہلے آپریشن شروع کیا جائے، پیسکو بجلی چوری میں ملوث اور معاونت کرنے والے اپنے اہل کاروں کے خلاف بھی کارروائی کرے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیسکو جامع حکمت عملی وضع کرے، ہم 100 فیصد نتائج دیں گے، بقایاجات کی وصولی کے لیے سیکریٹری انرجی اینڈ پاور اور پیسکو حکام مل بیٹھ کر جامع حکمت عملی بنائیں، عوام کے لیے بجلی کے میٹرز کی تنصیب کا عمل آسان اور سہل بنایا جائے۔
Load Next Story