فیس بک نے شخصیات کے پیج کی تصدیق کا فیچر متعارف کرادیا

اصل اور نقل کا فرق صاف ظاہر

ایف بی نے شخصیات کے پیج کی تصدیق کا فیچر متعارف کرادیا ۔ فوٹو : فائل

سوشل ویب سائٹس پر معروف شخصیات کے نام سے جعلی پیجز اور اکاؤنٹ بنانے کا سلسلہ عام ہے۔

شوبز، اسپورٹس اور سیاست سے متعلق نام ور افراد اور صنعت وتجارت کی دنیا کی عالمی شہرت یافتہ شخصیات کے نام پر فیک پیج اور اکاؤنٹ بنائے جاتے ہیں۔ ایسے میں یہ پہچاننا مشکل ہوتا ہے کہ امیتابھ بچن کے جس پیج پر آپ ان کی شیئرنگ، پوسٹس اور کمنٹس دیکھ رہے ہیں، وہ واقعی امیتابھ بچن کا پیج ہے یا کوئی ''بول بچن۔''


فیس بُک نے اس مسئلے کا حل تلاش کرلیا ہے۔ ایف بی کے اس نئے فیچر کی مدد سے یوزرز اب کسی ہائی پروفائل شخصیت کا پیج لائک یا اس پر کمنسٹس کرنے سے پہلے یہ جان سکیں گے کہ یہ اکاؤنٹ اصلی ہے یا نقلی۔ ٹوئٹر پر مشہور شخصیات کے اکاؤنٹس اور پروفائلز کی تصدیق کا فیچر جون 2008 سے فعال ہے اور اکاؤنٹ نیم کے ساتھ نیلے بیک گراؤنڈ پر سفید چیک مارک اس بات کی علامت ہے کہ ٹوئٹر اکاؤنٹ تصدیق شدہ ہے۔ تاہم فیس بُک نے اس معاملے میں خاصی تاخیر کردی ہے۔ بہ ہر حال دیر آید درست آید۔

اکاؤنٹس اور پروفائلز کی تصدیق کے لیے فیس بُک نے ٹوئٹر ہی کا فارمیٹ اپنایا ہے۔ ایف بی پر ہائی پروفائل شخصیات کے پیجز کے تصدیق شدہ ہونے کی علامت پرفائل یا پیج نیم کے بعد نیلے دائرے میں بنا چیک مارک ہے۔ شخصیات کے اصل ایف بی سرچ کرتے ہوئے بھی یہ تصدیقی علامت نمودار ہوجائے گی۔

اگرچہ تاحال بہت مختصر تعداد میں پیجز کی تصدیق کی گئی ہے، مگر یہ سلسلہ جاری ہے۔
Load Next Story