بالی ووڈ ری میک فلموں میں امیتابھ بچن کی فلمیں سرفہرست

امیتابھ بچن بالی ووڈ انڈسٹری کے آسمان پر چمکتا دمکتا وہ ستارہ ہے جس کی روشنی 70 سال کے بعد بھی کم نہیں ہوئی۔

امیتابھ بچن بالی وڈ انڈسٹری کے آسمان پر چمکتا دمکتا وہ ستارہ ہے جس کی روشنی 70 سال کے بعد بھی کم نہیں ہوئی۔ فوٹو : فائل

امیتابھ بچن بالی ووڈ انڈسٹری کے آسمان پر چمکتا دمکتا وہ ستارہ ہے جس کی روشنی 70 سال کے بعد بھی کم نہیں ہوئی۔

بگ بی یعنی امتیابھ بچن جنہوں نے ایکشن ، رومانس، کامیڈی سمیت ہر انداز کے کردار میں رنگ بھر دئیے۔ ان کی اسی ورسٹائل اداکاری سے پروڈیوسرز اور ڈائریکٹرز نے بھی بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایسی یادگار فلمیں بنائیں کہ جن میں امیتابھ بچن کے کردار اور ڈائیلاگ آج بھی لوگوں کو ذہن نشین ہیں۔

1969ء میں ''سات ہندوستانی'' سے فلمی کیریئر شروع کرنے والے لمبے قد کے اس فنکار نے آگے چل ایکٹنگ کے شعبہ میں نئی راہیں متعین کرنے کے ساتھ ساتھ بالی وڈ انڈسٹری کا ''بگ بی'' کا تاج سر پر سجایا۔ تین ادوار کے ورسٹائل فنکار کی مقبولیت کا ابھی بھی یہ عالم ہے کہ بالی ووڈ میں جب ری میک فلموں کا سلسلہ شروع ہوا تو امیتابھ بچن کی فلمیں سرفہرست ہیں۔ حال ہی میں امیتابھ بچن کی دو فلموں 'آخری راستہ' اور 'اندھا قانون' کے ری میک یا کسی کہانی پر دوبارہ فلم بنانے کے حقوق خریدے گئے ہیں۔یہ دونوں ہی فلمیں 80 کی دہائی کی بے حد کامیاب فلموں میں شمار ہوتی ہیں۔ ان فلموں کے ری میک کا حق پین انڈیا نیٹ ورک نے خریدے ہیں۔

اس سے قبل امیتابھ بچن کی بلاک باسٹر فلم ''ڈان'' کا ری میک فرحان اختر نے شاہ رخ خان کو لے کر بنایا جس نے باکس آفس پر کامیابیوں کے نئے ریکارڈ قائم کئے۔ اس کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے ''ڈان ٹو'' بھی بنائی گئی۔ کرن جوہر نے بھی آنجہانی والد یش جوہر کی پروڈیوس کی فلم ''اگنی پتھ'' کا ری میک بنایا جس میں ریتک روشن نے ان کا رول نبھایا۔ یہ فلم بھی کامیاب رہی۔ 'زنجیر' کا ری میک بھی تیار ہو گیا ہے جس میں تامل اداکار رام چرن نے ان کا کردار نبھایا ہے جو ماہ ستمبر میں نمائش کی جائے گی۔ 'دو اور دو پانچ'، 'ستے پہ ستا' اور 'دیوار' کے ری میک کے حقوق خریدے جانے کی بات چل رہی ہے۔




بالی ووڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ حالیہ برسوں میں بالی ووڈ میں کئی پرانی فلموں کے ری میک بنے ہیں لیکن ری میک کے اس بازار میں سب سے زیادہ مانگ امیتابھ بچن کی فلموں کی ہے۔''اگنی پتھ'' کا ری میک بنانے والے ڈائریکٹر کرن ملہوترا کا کہنا ہے کہ ''امیتابھ بچن بھارت کے سب سے بڑے اسٹار ہیں۔ ہم تمام لوگ انہیں دیکھ کر بڑے ہوئے ہیں۔ ہر کوئی خود کو ان سے جڑا ہوا محسوس کر سکتا ہے۔ اسی وجہ سے ان کی فلموں کے ری میک کی سب سے زیادہ مانگ ہوتی ہے۔''

امیتابھ ہر عمر اور نسل کے لوگوں میں مقبول ہیں اور گزشتہ چالیس سال سے مختلف طرح کے کردار نبھا رہے ہیں۔ امیتابھ کے قریبی دوست اور 1978ء کی سپر ہٹ فلم 'ڈان' کے ڈائریکٹر چندرا باروٹ کہتے ہیں: ''امیتابھ گزشتہ چالیس سال سے لوگوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے ہر دور میں اپنے آپ کو ڈھالا ہے۔ ہر نسل کے ناظرین ان سے منسلک ہیں۔ باقی اسٹارز کے ساتھ یہ بات نہیں ہے۔''

''آخری راستہ'' اور ''اندھا قانون'' کے ری میک کے حقوق خریدنے والی پین انڈیا کمپنی کے پاس امیتابھ بچن کی کئی فلموں کے ویڈیو حقوق ہیں جنہیں وہ کئی سیٹلائٹ چینلز کو فروخت کرتی ہے۔ پین انڈیا کے سی ایم ڈی جنت لال گاڑھا کے مطابق 'امت جی کی فلمیں جتنی بار بھی ٹی وی پر دکھائی جاتی ہیں انہیں ناظرین پسند کرتے ہیں ۔ ٹی وی چینلز کے لیے وہ ہمیشہ فائدے کا سودا ثابت ہوتی ہیں۔ امیتابھ بچن کا نام، اتنا بڑا برانڈ ہے کہ ہر کوئی اس سے منسلک ہونا چاہتا ہے۔ اس لیے وہ ری میک کے بازار کے بھی شہنشاہ ہیں۔اس حوالے سے کرن ملہوترا کا بھی ماننا ہے کہ ''ٹی وی پر ہم ان کی وہ فلمیں دیکھ کر بھی بھرپور لطف اٹھاتے ہیں جو اپنے دور میں کامیاب نہیں رہیں۔'' انہوں نے کہا کہ ''طوفان'' اور ''جادوگر'' جیسی فلموں کو دیکھتے ہیں اور پھر ان کی کاپی کرتے ہیں۔

کسی بھی پروڈیوسر سے آپ ری میک کی بات کرو اور صرف امیتابھ کی فلم کا نام لے لو وہ فوراً تیار ہو جاتا ہے۔ امیتابھ بچن نے اپنی ہی ایک ری میک میں کام کیا تھا، لیکن وہ فلاپ رہی اگرچہ فلم ناقدین مانتے ہیں کہ امیتابھ کی فلموں کے ری میک بناتے وقت اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ نئی فلم میں ہیرو کے کردار کو تھوڑا تبدیل کر دیا جائے ورنہ لوگ اسے امیتابھ کے کردار سے مقابلے کے طور پر دیکھیں گے اور یہ بات نئی فلم کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگی۔کرن ملہوترا نے کہا کہ 'میرے لیے پرانی 'اگنی پتھ' کے امیتابھ بھگوان کی طرح تھے وہ 'لارجر دین لائف' کردار تھے۔

وہیں میں نے اپنی 'اگنی پتھ' میں اس کردار کو تھوڑا ہٹ کر بنایا جس کو ریتھک روشن نے ادا کیا۔ میری 'اگنی پتھ' کا وجے دینا ناتھ چوہان میرا دوست تھا۔امیتابھ بچن جو اس وقت بھی بالی وڈ انڈسٹری کے میگا پراجیکٹ کا حصہ ہیں تو وہیں پر ان کے فلموں کے ری میک بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے جو اس لیجنڈ کی فنی خدمات پر منہ بولتا ثبوت ہے۔
Load Next Story