قوم عید پر حکمرانوں کی ہدایت کیلیے دعائیں مانگے منور حسن

مشکلات کی وجہ یکجہتی کی کمی ہے، قاضی حسین، مسلم امہ متحد و بیدار ہو جائے، حافظ سعید

مشکلات کی وجہ یکجہتی کی کمی ہے، قاضی حسین، مسلم امہ متحد و بیدار ہو جائے، حافظ سعید۔ فوٹو: ایکسپریس

امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے عید الفطر کے موقع پر قوم کے نام تہنیتی پیغام میں کہاہے کہ عید الفطر خوشی و شادمانی اور اللہ رب العزت کا شکر بجا لانے کا دن ہے، اس تہوار پر خوشی کی اصل لذت یہی ہے کہ اس کو بانٹنا چاہیے اور خوشیوں اور مسرتوں میں دوسروں کو بھی شامل کیا جائے۔

سید منور حسن نے کہا کہ یہ عید ایسے وقت میں آئی ہے کہ امت مسلمہ کے زخمی بدن پر برما میں مسلمانوں کے قتل عام کے ایک اور گہرے زخم کا اضافہ ہو گیا ہے، عید پر ہمیں انہیں یاد رکھنا چاہیے۔ سید منورحسن نے کہا کہ امریکی سرپرستی میں نیٹو اتحادیوں کی خطے میں موجودگی ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے انتہائی خطرناک ہے، عید کے مبارک موقع پر اللہ کے حضور ملکی سلامتی اور خود مختاری کے لیے گڑ گڑا کر دعائیں کرنے اور حکمرانوں کی ہدایت اور اگر ان کی قسمت میں ہدایت نہیں تو ان سے نجات کے لیے التجا کرنے کی ضرورت ہے۔


قاضی حسین احمد نے عید الفطر پر مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج جبکہ ہم عید منا رہے ہیں ہمارا وطن پاکستان اور عالم اسلام مشکل حالات میں گھرا ہوا ہے اور ان تمام مشکلات کی بنیادی وجہ باہمی اعتماد و یکجہتی کی کمی اور عالم اسلام میں اغیار کی بے جامداخلت ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے لیے ایسے حکمرانوں کا انتخاب کریں جو اللہ پر ایمان رکھتے ہوں اور اس ایمان کی وجہ سے ان کی روح آزاد ہو اور وہ غیروں کے احکام ماننے کے بجائے اپنے اللہ کے حکم کے مطابق عمل کریں۔

عید پر اپنے پیغام میں جماعۃ الدعوۃ پاکستا ن کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا کہ امت مسلمہ اس وقت شدید مشکلات اور آزمائشوں سے دوچار ہے، امریکہ، بھارت اور اسرائیل تمام تر وسائل اور ٹیکنالوجی کے ہمراہ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہیں، مسلم امہ کفار کی سازشوں کو خاک میں ملانے کیلئے متحد و بیدار ہو جائے، اس پرمسرت موقع پر ہمیں برما، کشمیر، فلسطین، افغانستان اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ان کی مدد کرنی چاہیے۔
Load Next Story