کرپشن کے خاتمے کیلیے قانون کے مطابق کام کرتے ہیں ڈی جی نیب بلوچستان

عوام الناس سے دھوکا دہی کرنے والے عناصر کو اپنے کیے کی سزا بھی ملے گی، محمد عابد جاوید

عوام الناس سے دھوکا دہی کرنے والے عناصر کو اپنے کیے کی سزا بھی ملے گی، ڈی جی نیب بلوچستان (فوٹو: فائل)

ڈائريكٹر جنرل نیب بلوچستان محمد عابد جاويد کا کہنا تھا کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کام کرتا ہے، کرپشن کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے اس کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کھلی کچہری کے دوران صوبے بھر سے آنے والے سائلین سے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈی جی نیب بلوچستان محمد عابد جاوید کا کہنا تھا کہ نیب ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے قانون کے مطابق کام کرتا ہے، قانون کے دائرے میں آنے والے ہر کرپٹ شخص کا احتساب کیا جاتا ہے، کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد انصاف کے حصول کے لیے سائلین کی نیب تک آسان رسائی ہے۔


ڈی جی نیب بلوچستان نے کہا ہے کہ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کے ویژن کی روشنی میں 'احتساب سب کے لیے' کی پالیسی کے تحت نیب ملک سے کرپشن کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے کیوں کہ کر پشن کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ قومی ذ مہ داری ہے اس کے لیے ہر مکتبہ فکر کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

محمد عابد جاوید نے کہا کہ بلا امتیاز اور بے لاگ احتساب کا تسلسل جاری رہے گا اور قومی وسائل لوٹنے والے عناصر کو نہ صرف قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا بلکہ عوام الناس سے دھوکا دہی کرنے والے عناصر کو اپنے کیے کی سزا بھی ملے گی۔

واضح رہے کہ ڈی جی نیب بلوچستان نے اس موقع پر درخواست گزاروں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کرپشن کے تدارک کے حوالے سے تمام شکایات پر قانون کے مطابق عمل درآمد کیا جائے گا۔
Load Next Story