پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی مولابخش چانڈیو

پی پی قیادت کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے بعد وفاقی وزرا دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، ترجمان پیپلزپارٹی

شیخ رشید کا بیان کہ بلاول بھٹو پریشان ہوگا یہ کھلی دھمکی ہے، مولا بخش، فوٹو: فائل

مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی جب کہ پی پی قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے پیچھے وفاق دشمن سوچ کارفرماہے۔

وفاقی وزرا کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا کہ پی پی قیادت کے نام ای سی ایل پر ڈالنے کے بعد وفاقی وزرا دھمکیوں پر اتر آئے ہیں، شیخ رشید کا بیان کہ بلاول بھٹو پریشان ہوگا یہ کھلی دھمکی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ یہ آمروں کی باقیات زندگی بھر محترمہ شہید کو بھی اسی طرح دھمکاتے رہے تاہم ان دھمکیوں سے بلاول بھٹو کو کوئی پریشانی نہیں ہوگئی، بلاول بھٹو کا نام ای سی ایل میں ڈالنا ضیا الحق کی ذہنیت کی عکاسی ہے اس فیصلے کے پیچھے وفاق دشمن سوچ کارفرماہے۔


یہ بھی پڑھیں: کرپٹ افراد کی سزاؤں تک ملک میں استحکام نہیں آئے گا، شیخ رشید

مولابخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش حکمرانوں کو مہنگی پڑے گی، ہم نظام کی خاطر چپ ہیں لیکن اسے ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،کوڑے اور پھانسیوں پر علم جمہوریت بلند کرنے والوں کو ای سی ایل سے نہیں ڈرایا جا سکتا، آصف زرداری سے صدارتی اختیار ختم کر کے پارلیمان کو مضبوط کرنے کا انتقام لیا جا رہا ہے مگر آصف زرداری کبھی جیلوں سے ڈرے نہ عدالتوں سے بھاگے، مقابلہ کریں گے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو کے تر جمان نے بیان میں کہا کہ وفاقی کابینہ کے فیصلے سے لگتا ہے عمران خان کو گھر جانے کی بہت جلدی ہے،عمران خان آمر ضیا ء کا ادھورا خواب پورا کرنے کے لیے آمرانہ اقدام پر اتر آئے اگرعمران خان میں ہمت ہے تو کھل کر سامنے آئیں۔
Load Next Story