وفاقی کابینہ کا اجلاس متعدد منصوبوں کی منظوری

کچھ اندرونی شرپسند عناصر کا ملکی امن وامان تباہ کرنے کے لیے غیر ملکی جرائم پیشہ افراد سے گٹھ جوڑ تشویش ناک امر ہے

وفاقی کابینہ نے پانڈا بانڈز کے اجراء اور عطاء الرحمان کی سربراہی میں ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دیدی (فوٹو: فائل)

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت جمعرات کو وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں متعدد منصوبوں کی منظوری دی اور چند اہم فیصلے کیے گئے، وفاقی کابینہ نے چینی مارکیٹ میں داخلے کے لیے پانڈا بانڈز کے اجراء، فرخ سبزواری کو چیئرمین ایس ای سی پی، عامر عظیم باجوہ اور ڈاکٹر خاور صدیق کی ممبر پی ٹی اے تعیناتی، اسٹیل ملز کے واجبات 2019ء تک ادا کرنے، ڈاکٹر عطاء الرحمان کی سربراہی میں ٹیکنالوجی ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات آیندہ سال جون سے قبل ہونگے اورفاٹا کے انضمام کا مرحلہ بھی طے ہو جائے گا، انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن کی صورتحال اچانک خراب ہوئی اور علی رضا عابدی کے قتل سمیت کئی واقعات ہوئے، شہرمیں کچھ گینگز دوبارہ فعال ہوگئے اور باہر بیٹھے کچھ لوگ امن خراب کر رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کابینہ نے کراچی کی صورتحال پر بھی غورکیا، ماضی میں کراچی میں فورسز نے بڑی قربانیاں دیں اوریہاں پر مکمل طور پر امن بحال کیا، کراچی کا امن معیشت سے جڑا ہے، ہم شہر کے امن کو خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی میں جنوبی افریقہ کے گینگ بھی متحرک ہیں لہٰذا دفتر خارجہ یہ معاملہ جنوبی افریقہ کی حکومت کے ساتھ بھی اٹھائے گا۔


ان حکومتوں کی توجہ دلائی جائے گی کہ کس طرح ان کی زمین جرائم کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ امریکا کے ساتھ تعلقات میں اتار چڑھاؤ بالخصوص موجودہ ٹرمپ حکومت کے پاکستان کے بارے میں رویے اور بھارت سے بڑھتے ہوئے تعلقات اور عالمی منظرنامے میں تیزی سے رونما ہونے والی تبدیلیوں کے باعث پاکستان چین کے قریب سے قریب تر ہوتا جا رہا ہے۔

چین پاکستان میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کر رہا اور متعدد ترقیاتی منصوبے اس کے تعاون سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔ پاکستان نہ صرف چین میں ہونے والی ترقی سے فائدہ اٹھانا چاہتا بلکہ وہ اس کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات اس نوعیت کے تشکیل دینا چاہتا ہے جس سے پاکستان کو بھی خاطرخواہ معاشی فوائد حاصل ہوں۔ چینی مارکیٹ میں داخلے کے لیے پانڈا بانڈز کا اجراء اس کڑی کا ایک سلسلہ ہے۔

فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے قیام سے وہاں ایک باقاعدہ حکومت قائم ہو جائے گی جس سے فاٹا کو قومی دھارے میں شامل ہونے کے بھرپور مواقع دستیاب ہوں گے۔ نئی صوبائی حکومت اور وفاقی اداروں کے قیام سے وہاں ترقی کا عمل تیز ہو گا اور روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ دوسری جانب کراچی میں امن وامان کی صورت حال کے لیے چیلنج بننے والے عناصر اور گینگ ایک بار پھر متحرک ہو گئے ہیں جو تشویش ناک امر ہے۔

کچھ اندرونی شرپسند عناصر کا ملک کا امن وامان تباہ کرنے کے لیے غیرملکی جرائم پیشہ افراد سے گٹھ جوڑ تشویش ناک امر ہے۔ سیکیورٹی اداروں کو ان عناصر کو ناکام بنانے کے لیے اپنے سیکیورٹی نظام کو پہلے سے زیادہ فعال اور مربوط بنانا ہو گا۔
Load Next Story