شاہ رخ کو فرار میں معاونت دینے والے شخص کی ضمانت منظور

استغاثہ کے مطابق نجی ایئر لائن کے ملازم ملزم طحٰہ حسین نے شاہ رخ جتوئی کو بورڈنگ پاس جاری کرکے فرار کرانے میں مدد دی۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم طحٰہ کی5 لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔ فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کو فرارکرانے کے الزام میں ملوث ملزم طحٰہ حسین کی پانچ لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی۔


جسٹس حسن اظہررضوی پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست ضمانت کی سماعت کی، درخواست گزارکے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ طحٰہ حسین نجی ایئر لائن کا ملازم (ڈیٹاآپریٹر) ہے اور اس کا کام محض بورڈنگ پاس جاری کرنا ہے، شاہ رخ جتوئی کو بھی معمول کے مطابق ٹکٹ دیکھ کر بورڈنگ پاس جاری کیا گیا اس عمل میں کوئی بدنیتی شامل نہیں،عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم طحٰہ کی5 لاکھ روپے کی ضمانت منظور کرلی ہے۔

استغاثہ کے مطابق نجی ایئر لائن کے ملازم ملزم طحٰہ حسین نے شاہ رخ جتوئی کو بورڈنگ پاس جاری کرکے فرار کرانے میں مدد دی، ایف آئی اے کی جانب سے تعزیرات پاکستان کی دفعات 419/420/109 اور پاسپورٹ ایکٹ کی دفعات3،4،6(1) کے تحت درج مقدمہ 26/13کے مطابق ملزمان محمد خرم، نواب علی جتوئی سمیت دیگر نے بھی جعلی دستاویزات کے ذریعے شاہ رخ جتوئی کو دبئی فرارکرایا اور اس ضمن میں ملزمان محمد سلطان اور وسیع اختر نے بھی مدد کی، واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت شازیب کوقتل کرنے کا الزام ثابت ہونے پر ملزم شاہ رخ جتوئی کو سزائے موت سنا چکی ہے اور ملزم شاہ رخ جتوئی نے سزا کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں اپیل بھی دائر کردی ہے۔
Load Next Story