فارنسک ڈویژن سی سی پی او پولیس کمپلیکس صدر میں منتقل

فائرنگ چیمبر اور وہیکل ایگزا منیشن ریمپ منتقل نہیں کیا جا سکا،نئی عمارت میں جگہ کے تعین کے بعدبقیہ سامان لایا جائیگا.

فارنسک ڈویژن سے سامان سی سی پی او کمپلیکس صدر منتقل کیا جا رہا ہے(فوٹو ایکسپریس)

فارنسک ڈویژن سندھ ہنگامی بنیادوں پر نئے تعمیرکیے جانے والے سی سی پی او پولیس کمپلیکس صدر کراچی میں منتقل کردیا گیا .

فائرنگ چیمبر اور وہیکل ایگزا منیشن ریمپ منتقل نہیں کیا جا سکا، فارنسک ماہرین کے مطابق نئی عمارت میں تمام لیب آپریشنل کردی گئی ہیں،کام میںکسی قسم کا خلل نہیں پڑے گا، تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کی جانب سے اے آئی جی فارنسک کو ہنگامی بنیادوں پر فارنسک ڈویژن سندھ کو نئی تعمیر کی جانے والی عمارت سی سی پی اوکراچی پولیس کمپلیکس صدر کراچی میں منتقل کرنے کے احکامات دیے گئے تھے جس پر فارنسک ڈویژن ہنگامی بنیادوں پر صدر تھانے کی عقب میں نئے تعمیر کیے جانے والے سی سی پی او کراچی پولیس کمپلیکس میں منتقل کردیا گیا ہے۔

فارنسک ماہرین کے مطابق انھیں جمعہ کو احکامات ملے تھے انھیں 2 روز میں فارنسک ڈویژن سندھ کی عمارت کو خالی کرکے متعلقہ حکام کے حوالے کیا جائے جس پر انھوں نے دن رات کام کرتے ہوئے فارنسک ڈویژن کی تمام لیب میں موجود حساس اور قیمتی آلات ، مشین، حساس ریکارڈ ، فرنیچر اور دیگر80 فیصد سامان نئی عمارت میں منتقل کردیا ہے۔




جبکہ 20 فیصد سامان ایک دو روز میں منتقل کردیا جائے گا ، انھوں نے بتایا کہ نئی عمارت میں تمام لیب آپریشنل کردی گئی ہیں اورکام میں کسی قسم کا خلل نہیں پڑے گا ، انھوں نے بتایا کہ فائرنگ چیمبر اور وہیکل ایگزامنیشن ریمپ منتقل نہیں کیا جا سکا اور نئی عمارت میں جگہ کے تعین کے بعد فائرنگ چیمبر اور وہیکل ایگزامنیشن ریمپ بھی منتقل کردیا جائیگا۔

واضح رہے کہ پولیس حکام کی جانب سے پہلے فارنسک ڈویژن سندھ کو جیکسن تھانے کے قریب زیر تعمیر عمارت میں منتقل کیے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا جہاں ساحل سمندر قریب ہونے سے حساس اور قیمتی آلات جلد خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا تھا ، ایکسپریس کی نشاندہی پر پولیس حکام نے فارنسک ڈویژن سندھ جیکسن تھانے کے قریب زیر تعمیر عمارت میں منتقل کرنے کے فیصلے پرنظر ثانی کرتے ہوئے گزشتہ دنوں فارنسک ڈویژن سندھ کوسی پی او کراچی پولیس کمپلیکس صدر کراچی میں منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے گئے تھے۔
Load Next Story