اسد رؤف کے امپائرنگ کیریئر کا سورج غروب ہونے لگا

انٹرنیشنل پینل میں نام نہ بھجوانے کا فیصلہ، احسن رضا اور شوذب کو نامزد کیا جائیگا

ٹی وی امپائرز میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہوگا، کانفرنس کا 15جولائی کو آغاز۔ فوٹو: فائل

اسکینڈلز کی زد میں آئے ہوئے پاکستانی امپائر اسد رؤف کے کیریئر کا سورج غروب ہونے کے قریب پہنچ گیا، پی سی بی نے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل میں ان کا نام نہ بھجوانے کا فیصلہ کر لیا، احسن رضا اور شوذب رضا کو نامزد کیا جائیگا۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ریفریز اور امپائرز کانفرنس 15 اور 16 جولائی کو بھارت کے شہر ناگپور میں ہو رہی ہے جس میں پاکستان کی نمائندگی ذاکر خان کرینگے۔ ذرائع سے معلوم ہواکہ پی سی بی نے اسکینڈلز کی زد میں آئے ہوئے امپائر اسد رؤف کا نام ڈراپ کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، ان کی جگہ احسن رضا اور شوذب رضا کو انٹرنیشنل پینل میں شمولیت کیلیے نامزد کیا جائیگا۔ 48 ٹیسٹ، 98 ون ڈے اور 23 ٹوئنٹی 20 میچز میں فرائض انجام دینے والے اسد رؤف کو مبینہ طور پر آئی پی ایل اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ کیا گیا۔




گذشتہ دنوں انھیں آئی سی سی ایلیٹ پینل سے بھی باہر کر دیا گیا تھا، انٹرنیشنل پینل میں نامزد نہ کیے جانے کی صورت میں عملی طور پر انکے کیریئر کا سورج غروب ہو جائے گا۔ مزید معلوم ہوا ہے کہ ضمیر حیدر کا نام ٹی وی امپائر کیلیے نہ بھیجنے کا فیصلہ کر لیا گیا، ان کی جگہ پی سی بی کے ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد، کمال مرچنٹ کو نامزد کرانا چاہتے تھے لیکن عمر 40 سال سے زائد ہونے کی وجہ سے فیصلہ نہ کیا جا سکا، ایک اور امیدوار غفار کاظمی بھی اوورایج ہونے کی وجہ سے نامزد نہ کیے جا سکے، یوں ٹی وی امپائرز کی فہرست میں کوئی پاکستانی شامل نہیں ہو گا۔
Load Next Story