لیاری میں دستی بموں سے حملے 23 زخمی فائرنگ و تشدد 2 ہلاک

بغدادی، پھول پتی لین ،زکری محلہ،پنجگوری محلہ میں کچھی برادری پردستی بموں اور گولوں سے حملے، پولیس اور رینجرزغائب

بغدادی، پھول پتی لین ،زکری محلہ،پنجگوری محلہ میں کچھی برادری پردستی بموں اور گولوں سے حملے، پولیس اور رینجرزغائب فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات کے دوران 2افرادہلاک اور8 زخمی ہوگئے جبکہ لیاری کا علاقہ منگل کو بھی اعوان گولوں اور دستی بموں کے حملوں سے گونجتارہا،جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 23 افراد زخمی ہوگئے۔

حملوں میں کئی مکانات اور دکانوں کونقصان پہنچا، ماڑی پورکے علاقے مشرف کالونی میں مقامی مارکیٹ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 21 سالہ اشفاق ہلاک ہوگیا ،مقتول مارکیٹ کا چوکیدار تھااورنامعلوم افراد ڈکیتی کی نیت سے آئے تھے ، چوکیدار نے انھیں روکنے کی کوشش کی جس پر ان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی،ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہوگئے ،مقتول علاقے کا رہائشی تھا ،واقعے کے خلاف علاقہ مکینوں نے ماڑی پور روڈ پر احتجاج بھی کیا۔اورنگی ٹاؤن کے علاقے سیکٹرنائن ای میں ابراہیم علی بھائی اسکول کے قریب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے نوجوان ہلاک ہوگیا ، پولیس کے مطابق مقتول کو دو گولیاں ماری گئیں جس کے نتیجے میں ایک گولی چہرے پراور ایک گردن پرلگی۔

فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔لانڈھی چھ نمبر پر بینک سے رقم لے کر جانے والے50 سالہ محمد اکمل خان کو ڈاکوؤں نے مزاحمت پرفائرنگ کرکے زخمی کردیا اوررقم چھین کر فرار ہوگئے، کھارادر میں فائرنگ سے 27 سالہ محمد آصف ،محمود آباد میں 16 سالہ بلال اور 25 سالہ غلام مصطفی زخمی ہوگئے۔لیاری کے علاقے بغدادی ، پھول پتی لین ،ذکری محلہ ، پنجگوری محلہ اعوان گولوں اوردستی بموں کے حملوں سے گونج اٹھے ، نامعلوم افراد کے حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 23 افراد زخمی ہوگئے جنھیں لیاری جنرل اسپتال منتقل کیا گیا۔




ریسکیو ذرائع کے مطابق لیاری اسپتال پہنچنے والے زخمیوں میں 6 سالہ سمیر ، 45 سالہ نور بخش ، 19 سالہ شاہنواز ، 30 سالہ رخسانہ ، 45 سالہ کلثوم ، 7 سالہ قدیر ، 30 سالہ نور بی بی ، 40 اسلہ صابرہ،50 سالہ رابعہ،45سالہ زبیدہ، 43سالہ ماہین،60سالہ عام بی بی، 60 سالہ ناز خاتون ، 20 سالہ اصغر ، 27 سالہ ریکھا ، 25 سالہ خورشید ، 20 سالہ عبداللطیف ، 30 سالہ شاہنواز ، 20 سالہ ذیشان ، 8 سالہ معراج ، 45 سالہ گل نسا ، 50 سالہ نور بی بی اور ایک نامعلوم خاتون شامل ہے ،زخمیوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ اعوان گولے دور سے فائر کیے گئے ،واقعے کے بعد علاقوں میں بھگدڑ مچ گئی اور شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کواسپتال منتقل کیاجبکہ کچھ دیر ریسکیو اداروں کی ایمبولینسیں بھی پہنچ گئیں ،علاقے میں پولیس و رینجرز کا نام و نشان تک نظرنہیں آیا،زخمیوں نے مزید بتایا کہ کچھی آبادیوں کوہی نشانہ بنایا جارہاہے جس کی وجہ سے وہ شدید عدم تحفظ کاشکار ہیں۔

علاوہ ازیں کچھی رابطہ کمیٹی کے ترجمان اختر کچھی نے بتایا کہ لیاری میں ان کا رہنا محال کیا جارہاہے ،کچھی آبادیوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جارہا ہے ، عدم تحفظ کی وجہ سے سیکڑوں خاندان لیاری سے نقل مکانی کرکے اندرون سندھ منتقل ہوگئے ہیں۔رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق گلشن اقبال کے علاقے بلاک 6 ٹائم اسکوائر کے قریب فائرنگ سے عاصم نامی شخص زخمی ہوگیا۔ ڈی ایس پی گلشن اقبال قیصر شاہ نے بتایا کہ مضروب کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے زخمی کیا ہے تاہم اس کی حالت خطرے سے باہر ہے جبکہ وہ پولیس افسر کا بھائی ہے۔ فیروز آباد کے علاقے شہید ملت روڈ پر ڈپارٹمینٹل اسٹور کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد 26 سالہ نادر اور 25 سالہ عمیر شدید زخمی ہوگئے۔ لیاری کے علاقے ہنگورہ محلہ میں فائرنگ سے 45 سالہ انور حسین، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے نئی آبادی سیکٹر 4-D میں 30 سالہ رضا خان زخمی ہوگیا۔
Load Next Story