ملکی ترقی کا گیٹ وے بلوچستان

کامیاب انسان کے طورپر معاشرے کا حصہ بنیں ایک پڑھی لکھی نوجوان نسل بلوچستان کی ضرورت ہے

کامیاب انسان کے طورپر معاشرے کا حصہ بنیں ایک پڑھی لکھی نوجوان نسل بلوچستان کی ضرورت ہے۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی ترقی بلوچستان میں امن، استحکام اور ترقی سے وابستہ ہے، ان گرانقدر خیالات کا اظہار چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ میں بلوچستان کے وزیر اعلیٰ جام کمال خان سے ملاقات کے دوران کیا ۔ پاکستانی فوج کے سپہ سالار شب وروز دفاع وطن سے لے کر استحکام پاکستان کے لیے کوشاں ہیں، ان کا ویژن بالکل واضح ہے۔

یہ حقیقت ہے کہ بلوچستان جو قدرتی ذخائر سے مالا مال ہے ، پوشیدہ زمینی خزانے، تیل ،گیس اور سونے کے ذخائر اتنے زیادہ ہیں کہ ان کی دریافت اور استعمال سے بلوچستان کے عوام کی زندگیوں میں نہ صرف نمایاں تبدیلی آئے گی، بلکہ یہ صوبہ ملک کی ترقی وخوشحالی کے پہیے کو بھی رواں دواں کرے گا ۔اس ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ بلوچستان نے خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت سماجی، اقتصادی اور ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے سیکیورٹی کے سازگار ماحول کی غرض سے پاک آرمی کی کوششوں کو سراہا ۔


سی پیک کا گیم چینجر منصوبہ ہو یا گوادر کی بندرگاہ ہو یا صوبے بھر میں سڑکوں کا جال ، یہ سب بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں ، یہی وجہ ہے کہ عالمی طاقتوں سمیت پڑوسی ملک نے صوبے میں سازشوں کا جال بچھایا ہوا ہے اور بدقسمتی سے ہمارے چند لوگ بھی ان کے بہکاؤے میں آئے ہوئے ہیں ۔ امن وامان کی صورتحال پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے اپنی جانوں پر کھیل پر قابو پایا ہے،اس وقت پاک افغان سرحد پر خاردار تاروں سے اور پاک ایران سرحد پر سیکیورٹی تعاون سے صوبے میں سیکیورٹی کی صورتحال مزید بہتر بنانے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پنجاب کے مختلف تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم بلوچستان کے طلباء کے ایک وفد سے ملاقات میں کہا ہے کہ وہ دلجمعی کے ساتھ تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ اپنے رویے اور مضبوط کردار کے ذریعے بھی خود کو بہتر انسان کے طور پر منوائیں اور سیاسی سرگرمیوں میں ملوث نہ ہوں اور ایک کامیاب انسان کے طورپر معاشرے کا حصہ بنیں ایک پڑھی لکھی نوجوان نسل بلوچستان کی ضرورت ہے۔

جس نے صوبے کو ترقی کی بلندیوں تک لے جانا ہے۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے خیالات انتہائی صائب اور ان کا جذبہ ولگن دیدنی ہے، وہ بلوچستان کو بدلنا چاہتے ہیں اور صوبے کو غربت اور پسماندگی سے نکل کر ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پرگامزن کرنا چاہتے ہیں۔ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ بلوچستان پاکستان کی ترقی کا گیٹ وے ہے، گوادر شہر اور ڈیپ سی پورٹ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ بلوچستان کو ترقی دینا درحقیقت پاکستان کو ترقی دینا ہے۔ آنے والے دنوں میں بلوچستان پاکستان کا سب سے ترقی یافتہ صوبہ بن جائے گا۔
Load Next Story