ڈی جی خان میں بے عزتی کا بدلہ لینے کیلئے مخالفین نے نوجوان کے ہونٹ اور ناک کاٹ دیئے

پولیس کو بیٹے پرکئے جانے والے تشددکی اطلاع دی لیکن تاحال ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی، ماں کا موقف

ناصر شاہ کو مخالفین گھر سے اغوا کرکے اپنے ڈیرے میں لے آئے جہاں انہوں نے ناصر شاہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا ، فوٹو: ایکسپریس نیوز

مخالفین نے بے عزتی کا بدلہ لینے کے لئے نوجوان کے ہونٹ اور ناک کاٹ دیئے جس کے بعد نوجوان کو شدید زخمی حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے پائیگاں کے رہائشی نوجوان ناصر شاہ کو مخالفین گھر سے اغوا کرکے اپنے ڈیرے میں لے آئے جہاں انہوں نے ناصر شاہ کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کے بعد ملزمان نوجوان کے ہونٹ اور ناک کاٹ کر زخمی حالت میں اسے پھینک کر فرار ہوگئے ، ناصر شاہ کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال ڈی جی خان میں طبی امداد دی جارہی ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک ہے۔

زخمی نوجوان کی والدہ شاہدہ بی بی کے مطابق ملزمان آل محمد ، گوہر، عنایت اور دیگر کو یہ شبہ تھا کہ ناصر کے والد اعجاز شاہ نے ان کی بیٹی کو پسند کی شادی کرنے میں مدد فراہم کی جس پر ان کا اعجاز شاہ کے ساتھ تنازعہ چل رہا تھا جس کا بدلہ انہوں نے ناصر شاہ کے ہونٹ اور ناک کاٹ کر لیا ہے، شاہدہ بی بی کا کہنا تھا کہ انہوں نے متعلقہ پولیس حکام کو بھی اپنے بیٹے پر کئے جانے والے تشدد کی اطلاع دی تاہم انہوں نے تاحال ملزمان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔
Load Next Story