ای سی ایل نام نظرثانی وفاقی کابینہ آج جائزہ لے گی

وزارت داخلہ وقانون سے رائے طلب، اجلاس کے لیے 20 نکاتی ایجنڈا جاری

معاملے پرمزید مشاورت کے لیے کابینہ کی کمیٹی بھی تشکیل دی جاسکتی ہے :فوٹو:سوشل میڈیا

لاہور:
وزیر اعظم عمران خان نے سپریم کورٹ کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو اور شریک چیئرمین آصف زرداری سمیت 172افرادکے نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے معاملے پرنظرثانی کافیصلہ کرلیا اوریہ معاملہ کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈ امیں شامل کرلیا۔

کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم کی صدارت میں وزیراعظم آفس میںہوگا،ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے 20 نکاتی ایجنڈاجاری کیاگیااورای سی ایل سے متعلق معاملہ ایجنڈے کے چوتھے نمبر پر رکھا گیا، وزیراعظم آفس نے وزارت داخلہ اوروزارت قانون سے اس معاملے پررائے بھی طلب کرلی،آج کابینہ کے اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ اوروفاقی وزیرقانون اس معالے پرکابینہ کواپنی قانونی رائے اورمشورے دیں گے، ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی طرف سے ہدایت آنے کے بعد وفاقی کابینہ اس معاملے پرمثبت اندازمیں غورکرے گی۔


خاص طورپرچیف جسٹس ثاقب نثار کے ان ریمارکس پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے جن میںچیف جسٹس نے جعلی اکاؤنٹس کے لیے بنائی گئی جے آئی ٹی کے سربراہ کومخاطب کرتے ہوئے کہاتھاکہ انھوں نے 172 افرداکے نام جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کرکے اپنے مینڈیٹ سے تجاوزکیا۔ انھی ریمارکس کوبنیاد بناکرای سی ایل میں نام ڈالے جانے کے فیصلے پرنظرثانی کی جائے گی، ذرائع کاکہنا ہے اس معاملے پرمزید مشاورت کے لیے کابینہ کی کمیٹی بھی تشکیل دی جاسکتی ہے جومعاملے کا تفصیل سے جائزہ لے کر کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ذرائع کا کہناہے سپریم کورٹ کی ہدایت کومدنظررکھتے ہوئے وزیراعظم نے ای سی ایل معاملے پر غور کے لیے ہی کابینہ اجلاس اپنے دورہ ترکی سے قبل بلایا ہے۔

وزیراعظم عمران خان 3 جنوری کو 2 روزہ دورے پرترکی روانہ ہورہے ہیں،کابینہ کااجلاس آج صبح ساڑھے 11 بجے وزیراعظم آفس میں ہوگا،وفاقی کابینہ کے اجلاس کے لیے 20 نکاتی ایجنڈاجاری کیاگیا، کابینہ غربت کے خاتمے کے حوالے سے کوآرڈینیشن کونسل کے قیام کی منظوری دے گی، پاکستان اور چین کے درمیان سزا یافتہ قیدیوں کاتبادلہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے، وفاقی کابینہ نرسنگ کونسل کے ارکان کے تقررکی منظوری بھی دے گی، دبئی ایکسپو کے لیے وفاقی کابینہ 50 لاکھ ڈالرگرانٹ کی منظوری دے گی،کابینہ قائد اعظم مزارمینجمنٹ بورڈ کی ازسرنوشکیل کی منظوری دے گی۔

پشاور اسسٹین ایبل بس ریپڈ ٹرانزٹ کوریڈورمنصوبے کے لیے فرینچ ڈیولپمنٹ ایجنسی کے لیے 130ملین یورو جاری کرنے کی منظوری دے گی۔ غیرمعیاری اسٹنٹس کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے میں شامل ہے ۔کراچی ٹرانسفارمیشن کے لیے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے کاحصہ ہے، پاکستان اور جاپان کے درمیان دفاعی تعاون بڑھانے پربھی غورکیاجائے گا۔
Load Next Story