سال 2019ء …اپنی صحت بہتربنانے کے لئے 7عہد کریں

 جسمانی اور نفسیاتی صحت اچھی ہو تو انسان زندگی میں  ہر ہدف حاصل کرسکتا ہے

 جسمانی اور نفسیاتی صحت اچھی ہو تو انسان زندگی میں  ہر ہدف حاصل کرسکتا ہے

چند لمحات کے لئے گزشتہ برس کا جائزہ لیجئے آپ کو پتہ چلے گا کہ آپ اپنی صحت میں بہتری لاسکتے ہیں اس دنیا میں بہت سے لوگوں نے نئے سال کو اپنی صحت میں بہتری لانے کا سال بنانے کا عہد کیا ہے امید ہے کہ آپ بھی ان لوگوں میں شامل ہوجائیں گے۔

پاکستان میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد عہد کرے تو ہم ایک صحت مند پاکستانی قوم بن سکتے ہیں، آپ کو یہ بات کہنے کی ضرورت نہیں ہے کہ جسمانی اور نفسیاتی صحت اچھی ہو تو انسان زندگی میں کوئی بھی ہدف حاصل کرسکتا ہے، چاہے اس کا تعلق آپ کی ذات سے ہو یا پیشہ وارانہ زندگی سے۔ صحت بہتر بنانے کے لئے وقت، توانائی اور وسائل کا بھرپور استعمال دراصل انسان کی اپنی زندگی کے لئے بہترین سرمایہ کاری ہے۔

صحت سے جڑی ہوئی عادات کو بہتر بنانے کے لئے آپ کو مزید توانائی کی ضرورت ہوتی ہے، معاملات پر توجہ مزید مرکوز کرنے اور خوداعتمادی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ آپ ہی ہیں جو اپنے جذبات اور مزاج کو درست راہ پر رکھ سکتے ہیں۔ درج ذیل تجاویز کی روشنی میں آپ بھی سال 2019ء میں اپنی صحت کو بہتر بنانے کے لئے اپنے آپ سے کچھ عہدوپیمان کرسکتے ہیں:

1۔ ورزش

ایک ہفتے کے دوران کم ازکم پانچ بار ایک گھنٹہ تک ایسی جسمانی ورزش کریں جس سے آپ کا ذہن تناؤسے نجات پا سکے۔ آپ یوگا بھی کرسکتے ہیں، واک بھی، دوڑ بھی لگاسکتے ہیں، وزن اٹھانے کی ورزش بھی۔ اسی نوعیت کی باقی سرگرمیاں بھی سرانجام دی جا سکتی ہیں۔ مسلسل کچھ ایسا کریں جس کے نتیجے میں آپ لطف اندوز ہوسکیں۔ ورزش ذہنی تناؤ کو ختم کرتی ہے، ذہن کو تیز کرتی ہے، یہ آپ کی جسمانی صحت کو بھی بہتر بناتی ہے، ماہرین کہتے ہیں کہ روزانہ ورزش جسمانی اور نفسیاتی صحت حاصل کرنے کے لئے بہترین تدبیر ہے۔ ورزش یا واک انسان کو قریبا تین درجن چھوٹی بڑی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے۔

2۔پانی کا استعمال

باقاعدہ پانی پینے سے ایک طرف آپ کی توانائی کا لیول ٹھیک رہتاہے، اس سے آپ کے گردے پتھریوں سے پاک وصاف رہیں گے اور قبض سے بھی محفوظ رہیں گے۔ اگرآپ پانی کا استعمال کریں تو اس سے آپ اپنے کو پرسکون محسوس کریں گے، اس سے آپ کی جسمانی کارکردگی بہترہوتی ہے اور اہم ترین بات یہ ہے کہ آپ کے ذہن کی کارکردگی میں اضافہ ہوتا ہے۔ جو لوگ اپنے وزن میں کمی کرنا چاہتے ہیں وہ بھی باقاعدگی سے پانی پئیں۔ یہ ایک انتہائی آسان اور صحت افزا عمل ہے۔ آپ ابھی فیصلہ کریں تو فوراً اس پر عمل شروع کرسکتے ہیں۔

3۔تازہ ہوا

تازہ ہوا سے استفادہ بھی سب سے آسان اور صحت افزا عادت ہے جو آپ کے معمولات کو بہتر بناتی ہے، چاہے آپ پورا دن آؤٹ ڈور گزاریں یا پھر کام کے دوران میں اٹھ کر 20 منٹ کی واک کریں۔ ہاں! اگرآپ بیرونی ماحول میں کام کریں تو اس سے آپ کو زیادہ توانائی ملے گی اور ذہنی تناؤ اور ڈپریشن کم ہوگا جبکہ آپ پرسکون نیند سویاکریں گے الغرض یہ کہ آپ کی بحیثیت مجموعی صحت میں بھی بہتری آئے گی۔ باہر کے ماحول میں کچھ وقت گزارنے سے انسانی ذہن صاف وشفاف ہوتاہے اور جسمانی ونفسیاتی صحت میں بہتری آتی ہے۔


4۔مراقبہ

ہر روز آغاز اور اختتام پر اپنے دماغ کو صاف وشفاف بنانے کی کوشش کریں، آپ کے دن کا آغاز اچھے اور ریلیکس اور پرسکون اندازمیں ہوگا، اس سے بھی آپ کے ذہنی دباؤ میں کمی آئے گی، آپ پریشانی پر قابو پا سکیں گے، آپ اپنی معرفت بہتر طور پر حاصل کرسکیں گے۔ اس سے بھی پرسکون نیند آتی ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ آپ کا بلڈپریشر بھی کم ہوگا۔ ہر صبح اور ہرشام کو کم ازکم 10سے 20منٹ کا مراقبہ کریں، اس دوران صرف ایک چیز پر توجہ مرکوزکریں مثلاً اپنے سانس لینے پر۔

5۔ ازدواجی تعلق

بیوی سے جسمانی تعلق بھی ایک اچھی ورزش ہے، یہ آپ کے رومانوی تعلقات کے لئے بھی بہتر ہے۔ آپ یہ پڑھ کر حیران ہوں گے کہ آپ کا بلڈپریشر بھی کم رہے گا، ذہنی تناؤ دور ہوگا اور نیند بھی اچھی آئے گی۔ اس سے آپ کا موڈ بھی بہتر ہوگا جبکہ جنسی خواہش میں بھی اضافہ ہوگا۔

6۔معالج کے ہاں باقاعدہ معائنہ

یقیناً ڈاکٹروں سے دور رہنا اچھی بات ہے، اللہ کرے کہ کسی کو بھی ڈاکٹروں کے پاس جانے کی ضرورت نہ پڑے۔ تاہم اس دعا کا مطلب صرف یہ ہے کہ اللہ کرے کہ آپ بیمار نہ ہوں لیکن ضروری ہے کہ آپ باقاعدگی سے معالج کے پاس جائیں اور اپنا طبی معائنہ کرائیں۔ بعض اوقات ہم کسی مرض یا کسی علامت کو معمولی سمجھتے ہیں حالانکہ وہ کسی بڑی اور پیچیدہ بیماری کا پیش خیمہ ہوتی ہے۔ ہرلمحہ اپنی صحت پر نظر رکھیں، اس سے بھی زیادہ ضروری ہے کہ آپ معالج سے مل کر اور مسلسل مطالعہ کے ذریعے شعورِصحت حاصل کریں۔

7۔پرہیز

داناؤں کا ایک پرانا قول ہر زمانے میں موثر ثابت ہوتاہے کہ پرہیز علاج سے بہتر ہے۔ کیا ہی اچھا ہو کہ ہم ایسی چیزوں کے کھانے اور پینے سے پرہیز کریں جو ہمیں مختلف عوارض کا شکار کرتی ہیں۔ ہرفرد کا جسم اور مزاج مختلف چیزوں کو برداشت کرنے یا نہ کرنے کی مختلف سطح کی صلاحیت رکھتاہے۔ اگرہم 'پرہیز علاج سے بہترہے' کے اصول کو حرزجاں بنالیں تو ڈاکٹروں کے ہاں لٹنے سے بھی بچ جائیں گے،کیونکہ عمومی طور پر لوگوں کو شکایات کرتے پایاگیا ہے کہ ڈاکٹر معمولی مرض کے لئے بھی کئی سو یا ہزار روپے کی ادویات تجویز کرتے ہیں۔ وہ اپنے یا دوست احباب کی لیبارٹریوں کی آمدن میں اضافہ کرنے کے لئے ایسے ٹیسٹ بھی کرانے کو کہتے ہیں جن کی ضرورت نہیں ہوتی۔

آپ کو ایسی خوراک اور ایسے ماحول سے بچنے کی ضرورت بھی ہے جو آلودہ ہو۔ ہمارے ہاں بازاروں میں شاید ہی کوئی ایسی چیز فروخت ہوتی ہو جو مضرصحت نہ ہو۔ ان کے بارے میں طرح طرح کی کہانیاںگردش کرتی ہیں۔ اس لئے خود بھی اور بچوں کو گھر میں تیارشدہ خوراک کھانے کی عادت ڈالیں۔ اگرہم آج ہی سے چینی اور نمک کا مناسب استعمال کریں تو کبھی شوگرجیسی خطرناک بیماری کا شکار نہ ہوں۔

اگرآپ مندرجہ بالا سات باتوں پر دھیان دیں گے، سن 2019ء میں ان کی پابندی کریں گے تو یقیناً کم ازکم اس سال کے اختتام تک آپ پرکشش صحت حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
Load Next Story