پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دے گا ترجمان دفترخارجہ

فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دونوں ڈرونزمارگرائے گئے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

پاکستانی فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں، ترجمان دفتر خارجہ فوٹو:فائل

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرفیصل کا کہنا ہے کہ پاکستان اسرائیل کوتسلیم نہیں کرتا اوراسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دینے سے متعلق لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔

دفترخارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ترک صدرکی دعوت پر دو روزہ دورے پرترکی روانہ ہوئے ہیں، ان کے ہمراہ اعلی سطح کا وفد بھی ہے، وزیراعظم ترک حکام سے وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے۔ وزیرخارجہ نے افغان مفاہمتی عمل پر ہمسایہ ممالک کو اعتماد میں لیا، انہوں نے پاکستان کی سہولت کاری بارے بھی آگاہ کیا، ہمسایہ ممالک نے افغان فریقین کے باہمی روابط کی پاکستانی تجویز کی حمایت کی ہے، وزیرخارجہ نے دورہ قطر کے دوران دوطرفہ تعلقات پربات کی، وزیراعظم عمران خان بھی جلد قطر کا دورہ کریں گے۔

کلبھوشن معاملہ


ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کا مقدمہ اس وقت عدالت میں ہے، اس حوالے سے خبریں حقائق کے برعکس ہیں، ہم عدلیہ کے احترام میں اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔

اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتے


اسرائیلی شہریوں کو پاکستان آمد کی مشروط اجازت دیئے جانے سے متعلق خبروں پر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کرتا، اس حوالے سے لسٹ کے بارے میں وزارت داخلہ جوابدہ ہے۔

امریکا سے بہتر تعلقات


ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ ہم امریکا سے بہترتعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ کا آج کا بیان 2018 کے ٹویٹ میں تبدیلی ہے، ہم اس مثبت پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

جرمن سفیر کے پاکستانی مسائل پر ٹویٹس



ترجمان دفتر خارجہ نے جرمن سفیر کی جانب سے پاکستان کے مسائل پر ٹویٹس پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان ویانا کنونشن کا مکمل احترام کرتا ہے، جرمن سفیرمتعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں، جرمن سفیرمتعلقہ حکام کو بتا کر سفر کرتے ہیں۔

حسینہ واجد کی کامیابی کا خیر مقدم


ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان بنگلا دیش کے عام انتخابات میں حسینہ واجد کی دوبارہ کامیابی کا خیر مقدم کرتا ہے، توقع ہے کہ 1974 کے سہہ فریقی معاہدے کے تحت مثبت انداز میں آگے بڑھیں گے۔

پاک بھارت تعلقات


ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام مسائل پر مذاکرات کی بات کرتا ہے ، ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج کیا گیا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے مبصر مشن کو لائن آف کنٹرول کے علاقوں میں جانے کی اجازت دے۔ سرجیکل اسٹرائیکس کبھی نہیں ہوئیں، بھارتی میڈیا خود بھی بھارتی دعوے کی نفی کر چکا ہے۔

بھارتی ڈرونز کی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی


بھارتی ڈرونزکی پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستانی فورسز متحرک اور ہوشیار ہیں، پاکستان کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دے گا، فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر دونوں ڈرونزمار گرائے گئے ہیں۔

یمن میں فوجی بھیجنے کی خبریں بے بنیاد


ترجمان دفتر خارجہ نے یمن میں ایک ہزار پاکستانی فوجی بھیجنے کی خبروں کی تردید کر دی، انہوں نے کہا کہ امریکی اخبار میں شائع ہونے والی خبر کو مسترد کرتے ہیں۔

مصر میں پھنسے پاکستانی


ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ مصر میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی بھر پور کوشش کی جا رہی ہے،ان پاکستانیوں کو کھاناوغیرہ سفارتخانہ فراہم کر رہا ہے،اس حوالے سے جلد خوش خبری سننے کو ملے گی۔
Load Next Story