وزیر اعظم قومی صحت اسکیم غریب عوام کو علاج کی مفت سہولتیں دینے کا منصوبہ تیار

40فیصد غریب عوام کو اسکیم میں شامل کیا جائے گا، ہر خاندان کوسالانہ6لاکھ روپے کی طبی مراعات حاصل ہو سکیں گی

حکومت نے اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ معاہدہ بھی کرلیا ہے فوٹوفائل

وفاقی حکومت نے ملک میں صحت کی سہولتیں مفت فراہم کرنے کے لیے جامع منصوبہ مرتب کرلیا ہے۔

جس کا نام ''وزیر اعظم قومی صحت اسکیم'' رکھاگیا ہے، خیبرپختوانخوا میں کامیابی کے بعد ملک کے دیگر صوبوں میں وزیر اعظم قومی صحت کارڈز اسکیم متعارف کرائی جا رہی ہے، پہلے مرحلے میں شمالی علاقہ جات فاٹا، سندھ ،بلوچستان کے بعد صوبہ پنجاب میں بھی غریب اور مستحق عوام کو قومی صحت کارڈ اسکیم میں شامل کیا جائے گا، اسکیم کے تحت ملک کے 40فیصد غریب آبادیوں میں رہائش پذیرعوام کواس اسکیم میں شامل کیا جائے گا۔


اسکیم کے تحت ہر خاندان کو سالانہ 6 لاکھ روپے کی طبی مراعات حاصل ہوسکیں گی، مرحلہ وار 2022 تک غریب اور کم آمدن والے علاقوں میں 9کروڑ افراد کو اسکیم میں شامل کرلیا جائے گا یوں عوام کوصحت کی سہولتیں میسر آسکیں گی، ذمے دار افسر کے مطابق پاکستان تحریک انصاف حکومت نے علاج ومعالجے سے محروم عوام کوسرکاری ونجی اسپتالوں میں علاج کی فراہمی سے متعلق منصوبہ مکمل کرلیا ہے جس کے تحت غریب آبادیوں میں رہائش پذیر لوگوں کو صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

اس حوالے سے حکومت نے اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ معاہدہ بھی کرلیا ہے، حکومت مذکورہ انشورنس کمپنی کو فی خاندان سالانہ 6لاکھ روپر پریمیئم اداکرے گی ،وفاقی حکومت یہ منصوبہ رواں ماہ میں متعارف کرانا چاہتی ہے، اس منصوبے کی نگرانی کیلیے علیحدہ سے سی ای او بھی مقررکیا گیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کے تحت قومی شناختی کارڈ کی تصدیق کے بعد لوگوں کی آن لائن رجسٹریشن کی جائے گی جس کے بعد قومی صحت کارڈ جاری کیے جائیں گے۔
Load Next Story