بھارت پاکستان کو بنجر بنانیکی سازشوں میں مصروف ہے منور حسن

حکمراں کشمیر،آبی جارحیت کا مسئلہ پس پشت ڈال کربھارت کو پسندیدہ ملک قراردینے سے بازرہیں

بھارت کے ساتھ تجارت پاکستانی صنعت اور زراعت کے لیے موت کا پیغام لے کر آئے گی۔ فوٹو: فائل

جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن نے بھارت کی طرف سے دریائے چناب پر بگلیہار ڈیم سے 3 گنا بڑا ڈیم تعمیر کرنے کے منصوبے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کوبنجر بنانے کی سازشوں میں مصروف ہے ۔

حکمران مسئلہ کشمیر اور بھارت کی آبی جارحیت کو پس پشت ڈال کربھارت سے تجارت اور اسے انتہائی پسندیدہ ملک قرار دینے سے باز رہیں۔بھارت کے ساتھ تجارت پاکستانی صنعت اورزراعت کیلیے موت کا پیغام لیکرآئے گی۔انھوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کو بھارت کی پاکستان دشمنی کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت سے معاملات طے کرنے چاہئیں۔ بھارت 40 سال سے پاکستان کوآبی جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے جبکہ پاکستانی حکمران بھارت کے پاکستان دشمن اقدامات سے آنکھیں بندکرکے اس سے دوستی اور تجارت کیلیے مرے جارہے ہیں۔




منور حسن نے کہا کہ بھارت دریائے چناب پرڈیم بناکر اس سے پیدا ہونے والی بجلی پاکستان کو فروخت کرنا چاہتا ہے جبکہ حکومت پاکستان کی طرف سے ابھی تک اس ڈیم کی تعمیر کو رکوانے کے لیے کوئی کوشش سامنے نہیں آئی بلکہ بھارت سے بجلی خریدنے کے معاہدے کیے جا رہے ہیں جس سے شہ پاکربھارت ڈیموں کی تعمیرجاری رکھے ہوئے ہے۔ منورحسن نے کہاکہ ہمارے حکمرانوں کا بھارت نواز رویہ ناقابل فہم ہے۔

بھارت نے پاک افغان سرحد پرڈیڑھ درجن کے قریب تخریب کاری کے کیمپ قائم کر رکھے ہیں۔ پاکستانی اداروں کے پاس بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں لیکن حکمران پاکستان کو نقصان پہنچانے اوراسے عدم استحکام کا شکار کرنے کے بھارتی ہتھکنڈوں کو ناکام بنانے کے بجائے اس کی بالادستی قبول کرنے اور اسے پسندیدہ ملک قرار دینے کے لیے بے چین ہیں۔ ہندوبنیا تجارت کے نام پر پاکستان کی معیشت کوتباہ کرنے کے در پے ہے۔
Load Next Story