پشاور کے علاقے صدر میں دھماکا2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی

دھماکے میں سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی گئی جس میں 8سے 10 کلو دھماکا خیز مواد موجود تھا، سی سی پی او پشاور

دھماکے میں ابتدائی طور پر 6 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں فوٹوسوشل میڈیا

صدر میں کالا باڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور کے علاقے صدر میں کالا باڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے سے متعدد دکانوں کو نقصان پہنچا جب کہ کئی گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جب کہ پولیس، ریسکیو اہلکار اور بم ڈسپوزل اسکواڈ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔



دھماکے کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں، دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی شناخت ابراہیم ولد بدی گل، محمد فاروق ولد دین محمد، رحمت گل ولد بادام، عمیر ولد پرویز، مختیارہ بی بی ولد جمیل اور روبیہ ولد فرانسس کے نام سے ہوئی ہے۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ایل آر ایچ منتقل کیا گیا جب کہ تین کو کینٹ جنرل اسپتال سے ریفر کیا گیا ہے۔ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

ایس پی کینٹ وسیم ریاض کے مطابق دھماکے میں بارودی مواد استعمال ہواہے، دھماکے کی نوعیت کے بارے میں ابھی کچھ نہیں بتا سکتے تاہم بی ڈی یو ٹیم شواہد اکھٹے کررہی ہے۔














جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کے دوران سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کا کہنا تھا کہ دھماکے میں سفید رنگ کی گاڑی استعمال کی گئی جس میں 8سے 10 کلو دھماکا خیز مواد رکھا گیا تھا۔ اےآئی جی بی ڈی یو شفقت ملک کا کہنا ہے کہ گاڑی کے اندر مختلف حصوں میں بارودی مواد لگایا گیا تھا تاہم بارودی مواد میں بال بیرنگ موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے دھماکے کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے کہا ہے کہ دھماکے کا مقصد خوف و ہراس پھیلانا تھا سیکیورٹی کا اسرنو جائزہ لیں رہے ہیں۔

ادھر پشاور دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی ہے، جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ دھماکے سے قبل گاڑی میں موجود شخص گاڑی کھڑی کرکے چلا جاتا ہے، بارودی مواد سے بھری گاڑی خالی پلاٹ کے سامنے پارک ہوتی ہے، گاڑی کھڑی کرنے کے چند منٹوں بعد ہی زوردار دھماکا ہوتا ہے۔














Load Next Story