عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے احاطے سے رکاوٹیں ہٹانے کا حکم

رکاوٹوں کے باعث زائرین کی دکانوں تک رسائی ممکن نہیں رہی ، درخواست گزار۔

مدعا علیہان کو نوٹس جاری، آئندہ سماعت تک جواب داخل کرنے کی ہدایت فوٹو : ایکسپریس

سندھ ہائیکورٹ نے حضرت عبداللہ شاہ غازیؒ کے احاطے میں قائم رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیدیا ہے۔

جسٹس غلام سرورکورائی کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے مصری خان اور دیگر کی درخواست کی سماعت کی، محکمہ اوقاف،منیجرمزارحضرت عبداللہ شاہ غازیؒ اور پرجیکٹ مینجمنٹ کمیٹی کوفریق بناتے ہوئے مصری خان،ندیم جہانگیر اور پرویزخان سمیت11درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیاہے کہ انھوں نے مزار کے احاطے میں کرائے پر14دکانیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ مجموعی طور پر یہاں 52دکانیں ہیں،درخواست گزار گزشتہ 25برسوں سے محکمہ اوقاف کے کرائے دار ہیں اوروہ پھولوں اور تبرکات کا کاروبار کرتے ہیں۔




مدعاعلیہان نے سیکیورٹی کے نام پر دکانوں کے سامنے رکاوٹین کھڑی کردی ہیں اور دکانوں کا راستہ روک دیا ہے ،رکاوٹوں کے باعث زائرین کی دکانوں تک رسائی ممکن نہیں رہی جس سے درخواست گزاروں کا روزگار بری طرح متاثر ہورہا ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیکیورٹی کے نام پر کھڑی گئی رکاوٹوں کو ہٹایا جائے،درخواست میں کہاگیا ہے کہ عدالت کے متعدد نوٹسزکے باوجود مدعا علیہان نے جواب داخل نہیں کیا، مزار کے احاطے میں قائم رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا جائے،عدالت نے مدعا علیہان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مذکورہ رکاوٹیں ہٹائی جائیں اورآئندہ سماعت تک جواب داخل کیا جائے۔
Load Next Story