رمضان المبارک میں مہنگائی کے خلاف ق لیگ نے پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی

پوری پنجاب حکومت صرف لاہور میں سہولتوں کی فراہمی تک محدود ہے، مسلم لیگ(ق) کی تحریک التوا کا متن

چوہدری پرویز الٰہی کے دور حکومت میں جس قیمت پر پھل ملتا تھا آج ٹماٹر نہیں مل رہے، ارکان پنجاب اسمبلی مسلم لیگ (ق)۔ فوٹو : فائل

مسلم لیگ (ق) نے صوبائی حکومت کی جانب سے اشیائے خورد و نوش کی مقرر کردہ نرخوں سے زائد فروخت کے خلاف پنجاب اسمبلی میں تحریک التوا جمع کرادی ہے۔


مسلم لیگ (ق) پنجاب کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سردار وقاص حسن موکل، عامر سلطان چیمہ اور سردار آصف نکئی کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ حکومت مہنگائی میں اضافے کے ذمہ دار ناجائز منافع خوروں پر ہاتھ نہیں ڈال سکتی، پوری پنجاب حکومت صرف لاہور میں سہولتوں کی فراہمی تک محدود ہے، حکومت کی جانب سے 4 ارب روپے کی سبسڈی کے اعلان کے باوجود رمضان بازاروں اور عام مارکیٹوں میں اشیائے صرف کی قیمتوں میں فرق نظر نہیں آتا۔

اراکین اسمبلی نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے دور حکومت میں جس قیمت پر پھل ملتا تھا آج ٹماٹر نہیں مل رہے، پنجاب اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے مہنگائی کا طوفان آیا ہوا ہے، ایسی صورت حال میں حکومت فوری طور پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلا کر منتخب ایوان کو صورت حال سے آگاہ کرے۔
Load Next Story