پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان پہلا ون ڈے کل کھیلا جائے گا

پانچ ون ڈے میچوں کا پہلا مقابلہ گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا

دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے121 ون ڈے میچوں میں سے ویسٹ انڈیز نے 67 اور پاکستان نے 52 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچ ٹائی ہوئے۔ فوٹو: فائل

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کل کھیلا جائے گا۔


پانچ ون ڈے میچوں کا پہلا مقابلہ گیانا کے پراویڈنس اسٹیڈیم میں پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا، پراویڈنس اسٹیڈیم میں اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان ایک ہی میچ کھیلا گیا ہے جس میں پاکستان کو شاہد آفریدی کی قیادت میں 10 وکٹوں سے شکست کا کڑوا گھونٹ پینا پڑا تھا، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے میچز میں کالی آندھی کا پلڑا بھاری ہے، اب تک کھیلے گئے 121 ون ڈے میچوں میں سے ویسٹ انڈیز نے 67 اور پاکستان نے 52 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 2 میچ ٹائی ہوئے،ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے 25 میچوں میں سے میزبان ٹیم نے 14 اور پاکستان نے 10 جیتے جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا۔

ویسٹ انڈیز میں دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ون ڈے 16 مارچ 1977 میں کھیلا گیا جو میزبان ٹیم نے 4 وکٹوں سے اپنے نام کیا، پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز میں ابتدائی 8 میچوں میں ہار کی رسوائی اٹھائی تو وسیم اکرم کی کپتانی میں 27 مارچ 1993 کو پورٹ آف اسپین میں پہلی بار جیت کا لطف بھی اٹھایا۔
Load Next Story