مائرہ اور فواد خان کا بھارتی فلموں میں کام کرنا بالی ووڈ کیلیے اعزاز کی بات ہےادیتی سنگھ

بھارتی اداکارہ پاکستانی فلم ’چھا جا رے‘ میں فلم اسٹار ندیم بیگ اور جاوید شیخ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی

ادیتی سنگھ پاکستانی فلم ’چھا جا رے‘ کی شوٹنگ کے لیے کراچی آئی ہوئی ہیں (فوٹو : فائل)

پاکستانی فلم 'چھا جا رے میں' جلوے بکھیرنے والی بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ نے کہا کہ مائرہ اور فواد خان کا بالی ووڈ کی فلموں میں کام کرنا بھارتی فلم انڈسٹری کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

بھارتی اداکارہ ادیتی سنگھ پاکستانی فلم 'چھا جا رے' کی فلم بندی کے لیے پاکستان آئی ہیں، وہ فلم میں اپنے کردار کے علاوہ ایک ڈانس آئٹم بھی کر رہی ہے جس کے لیے وہ کراچی میں موجود ہیں۔ ادیتی اس سے قبل پاکستانی فلم وجود میں بھی کام کرچکی ہیں۔

ڈی ڈبلیو کو دیئے گئے انٹرویو میں اداکارہ ادیتی سنگھ نے پاکستانی فنکاروں پر بالی ووڈ میں پابندی کو غلط اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مائرہ اور فواد کا بالی ووڈ میں کام کرنا خود بھارتی انڈسٹری کے لیے فائدہ مند ہے، میں مائرہ کی دیوانی ہوں اور 'رئیس' میری پسندیدہ فلم ہے۔


ڈانس آئٹم سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ادیتی سنگھ کا کہنا تھا کہ یہ پرفارمنس پاکستان میں ڈانس کی صنعت کو ایک نئی جہت دے گی جس کے کوریو گرافر وہاب شاہ ہیں۔ ڈانس آئٹم تین مختلف انداز سے فلم بند کیا گیا ہے اور اس سے قبل کسی اور گانے میں ایسا تجربہ نہیں کیا گیا۔

آئٹم نمبر کو فلمی صنعت میں منفی نظر سے دیکھے جانے پر ادیتی سنگھ نے اعتراض اُٹھایا کہ آئٹم نمبر کو اگر ڈانس نمبر کہا جائے تو بہتر ہے، آئٹم نمبر منفی لفظ ہے اس لیے سب اس کے بارے میں منفی رائے رکھتے ہیں۔

'چھا جا رے' میں کام کرنے سے حوالے سے ادیتی سنگھ نے بتایا کہ ممبئی میں جاوید شیخ سے ملاقات ہوئی اور انہوں نے کردار کی پیشکش کی جس پر میں نے ہامی بھرلی، یہاں آکر مجھے اپنے فیصلے پر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے اور جو چیز سب سے اچھی لگی وہ پاکستانی لوگ ہیں۔

'فلم چھا جا رے' کے پروڈیوسر طلحہ جمیل خان اور ڈائریکٹر جبران بشیر ہیں۔ یہ فلم تعلیم، کھیل اور قومی یکجہتی جیسے موضوعات پر روشنی ڈالے گی۔ فلم کا ٹریلر 2 جنوری کو ریلیز ہوا تھا جب کہ فلم کے رواں برس میں سینما کی زینت بننے کی امید کی جا رہی ہے۔ یہ فلم پاکستانی فلم انڈسٹری میں ایک اچھا اضافہ ثابت ہوگی۔
Load Next Story