امریکا میکسیکو سرحدی دیوار پر ڈونلڈ ٹرمپ کو اپوزیشن کا منہ توڑ جواب

امریکی صدر نے حقائق کے بجائے ڈر کو چُنا اور ناقص معلومات پر مبنی خطاب کیا، کانگریس رہنما

صدر ٹرمپ کو ایوان نمائندگان کی اسپیکر اور سینیٹ میں اقلیتی لیڈر نے مشترکہ جواب دیا۔ فوٹو : ٹویٹر

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور اقلیتوں کے لیڈر چک شومر نے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر سے متعلق خطاب پر امریکی صدر کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کی منظوری نہ دینے پر نالاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیلی وژن پر جارحانہ خطاب کرتے ہوئے حکومتی شٹ ڈاؤں برقرار رکھنے کی دھمکی دے دی۔

امریکی صدر کے خطاب کے فوری بعد ڈیمو کریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میں اقلیتوں کے لیڈر چک شومر نے ویڈیو بیان جاری کردیا۔


دونوں رہنماؤں نے کہا کہ امریکی جمہوریت اس طرح کام نہیں کرتی اور نہ ہی جذباتی انداز سے حکومت چلائی جا سکتی ہے۔ صدر قوم میں ڈر پھیلانے، حکومتی بحران بڑھانے اور اپنی ناکامی چھپانے کے لیے ٹی وی پر آئے اور ناقص معلومات پر مبنی خطاب کیا۔

امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے کہا کہ میکسیکو سرحد اور حکومتی شٹ ڈاؤن پر صدر ٹرمپ نے ڈر کو چُنا ہے جب کہ ڈیموکریٹس حقائق سے بات شروع کرنا چاہتے ہیں۔ آئیں اس اہم معاملے پر خوف کو بالائے طاق رکھ کر گفتگو کریں۔

چک شومر نے کہا کہ امریکی صدر میکسیکو کو سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے رقم ادا کرنے پر آمادہ نہ کرسکے، امریکی عوام کو بھی مطمئن نہیں کرسکے اور کانگریس کو بل کی منظوری دینے پر راضی نہیں کر پائے تو حکومتی شٹ ڈاؤن کردیا۔

دونوں رہنماوں نے صدر ٹرمپ سے حکومتی امور کو بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیوار کی تعمیر کےعلاوہ بھی سرحد کو محفوظ بنانے کے کئی طریقے موجود ہیں۔ اختلافات کو دور کرنے کے لیے مذاکرات کریں۔
Load Next Story