سیہون حادثات وواقعات میں 3 افراد ہلاک ایک زخمی

لوٹ مار میں مصروف ڈاکوئوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ، اہلکار موقع پر ہی جاں بحق

لوٹ مار میں مصروف ڈاکوئوں کی پولیس موبائل پر فائرنگ، اہلکار موقع پر ہی جاں بحق۔ فوٹو: فائل

سیہون اور نواح میں مختلف حادثات و واقعات کے باعث 3افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سیہون کے شاہی بازار میں 2 نامعلوم مسلح افراد نے دکان دار سے لوٹ مار کی کوشش کی، اس دوران پولیس موبائل کے اچانک پہنچ جانے پر ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس پی کا گارڈ غلام شبیر اوٹھو گولیاں لگنے سے ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ مسلح افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔


پولیس اہلکارکی لاش تعلقہ اسپتال سیہون میں قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔ دکان داروں کے مطابق متوفی کے ساتھ آنے والے پولیس اہلکار فائرنگ کے وقت فرار ہو گئے تھے۔

ادھر سیہون کے لنک روڈ پر تیز رفتار وین نے سامنے سے آتی ہوئی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار اسلم ملاح موقع پر ہی جاںبحق ہو گیا، متوفی کا تعلق لکی شاہ صدر سے بتایا جاتا ہے جب کہ ایک شخص زخمی ہو گیا، جسے تعلقہ اسپتال سیہون منتقل کر دیا گیا، ڈرائیور وین سمیت موقع سے فرار ہو گیا۔ دوسرے واقعہ میں سیہون کے قریب پہاڑی علاقے میں پولیس کو مہر تالپور نامی شخص کی لاش ملی جسے سیہون اسپتال پہنچایا گیا،پولیس کے مطابق لاش پر تشدد کے نشانات ہیں جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
Load Next Story