رنویر سنگھ اپنے مستقبل سے مطمئن

’’بینڈ باجہ بارات‘‘ کی کامیابی نے بالی وڈ کے دورازے کھول دئیے

’’بینڈ باجہ بارات‘‘ کی کامیابی نے بالی وڈ کے دورازے کھول دئیے فوٹو : فائل

رنبیر کپور ، شاہد کپور اور دیگر ہم عصر اداکاروں کی موجودگی میں شائقین کی توجہ حاصل کرنا کسی بھی نئے فنکار کے لئے ایک اہم کامیابی تصور کی جاتی ہے۔

رنویر سنگھ بھی ان خوش قسمت فنکاروں میں سے ہے جس پر اس کی Debutفلم ''بینڈ باجہ بارات'' نے بالی وڈ کے دروازے کھول دئیے۔ جس میں اس کے مقابل انوشکا شرما جیسی شوخ وچنچل اداکارہ نے ہیروئن کا کردار نبھایا ۔ رنویر سنگھ کی بالی وڈ میں یہ دھماکے دار انٹری اس کے ہم عصر فنکاروں کے لئے بہت بڑی خبر تھی ، کیونکہ رنبیر کپور اور عمران خان نوجوانوں کے مقبول فنکار بن چکے تھے۔ رنویرسنگھ کو رنبیر کپور اور عمران خان کی طرح اوپر تلے فلمیں تو نہیں ملیں مگر اپنے مختصر کیرئیر میں اس کے پاس بڑے اداروں کی میگا فلمیں ہیں جو اس کے روشن مستقبل کی نوید سنا رہی ہیں ۔

سرنیم سنگھ کے ساتھ انڈسٹری میں دارا سنگھ ، نیتو سنگھ، چندر چور سنگھ، امریتا سنگھ، گریسی سنگھ نے انٹری لی ۔دارا سنگھ کو کافی شہرت ملی وہ منفرد انداز کی فلموں کے لئے مشہور تھے ۔ نیتو سنگھ نے کئی برسوں تک بالی وڈ پر راج کیا ، جسے سپرسٹار بگ بی امیتابھ بچن اور ونود کھنہ سے لے کر ہر سپرسٹار کے ساتھ کام کیا ۔ رشی کپور کے ساتھ نیتو سنگھ کی جوڑی ہٹ تھی ۔ جس کے ساتھ ''کھیل کھیل'' ، ''رفو چکر'' ، ''کبھی کبھی'' سمیت دیگر یادگار فلمیں کیں۔



رنویر سنگھ کے کیرئیر کا آغاز فلم ''بینڈ باجہ بارات'' سے ہوا جو 2010ء میں ریلیز ہوئی تھی ۔ یش راج فلمز کی مذکورہ فلم نے اچھا بزنس کیا تھا ۔ رنویر سنگھ بھوانی کی تاریخ پیدائش 6جولائی 1985ء ہے ۔بچپن سے ہی اسے فلموں میں کام کرنے کا شوق تھا ۔ بیچلر آف آرٹس کی ڈگری اس کے پاس ہے ۔ پہلی فلم ''بینڈ باجہ بارات'' میں اس نے بیٹو شرما کا رول کیا ۔ شادی اور دیگر تقریبات کے حوالے سے اس فلم نے رنویر کو فلم فیئر ایوارڈ دلوایا۔ اس کی دوسری فلم ''لیڈیز ورسز رکی بہل '' تھی ۔ رنویر سنگھ کے والدین کا نام جگدیش سنگھ بھوانی اور انجو بھوانی ہے ۔


ریتکا بھوانی اس کی بڑی بہن ہے ، سونم کپور اس کی کزن ہے ۔ اسکول میں وہ ڈرامے کرتا تھا ۔ اپنی سالگرہ پارٹی میں فلم ''ہم'' کے گیت پر ڈانس کرکے اس نے سب کو حیرت زدہ کردیا تھا۔ اس وقت وہ صرف چھ برس کا تھا ۔ ایچ آر کالج آف کامرس اینڈ اکنامکس میں بھی اس کے چرچے ہوتے رہے ۔ جہاں وہ انٹرمیڈیٹ کر رہا تھا ۔ اعلی تعلیم کے لئے رنویر امریکا روانہ ہوگیا ۔ ہندوستان واپس آکر اس نے اشتہاری ایجنسیوں میں کاپی رائٹر کی حیثیت سے کام کیا ، لیکن اداکاری کا شوق پروان چڑھ رہا تھا ، چنانچہ وہ پروڈیوسروں کے آفس کے چکر کاٹتا رہا ۔

فلمساز اسے مختصر کردار کی پیشکش کرتے رہے لیکن اسے بڑے رول کی تلاش تھی جو اسے ''بینڈ باجہ بارات'' میں مل گیا ۔ یش راج فلمز کی یہ فلم اسے سخت مقابلے کے بعد حاصل ہوئی تھی ، انوشکا شرما اس کے مقابل تھیں۔ فلم ''بینڈ باجہ بارات'' نے باکس آفس پر 21.44کروڑ کا کاروبار کیا تھا ۔ اس کی دوسری فلم ''لیڈیز ورسس رکی بہل'' کا بزنس اوسط تھا۔حالانکہ فلم میں انوشکا شرما ، پرینیتی چوپڑا، دیبانتا شرما ، آدتی شرما بھی تھیں ، یہ فلم دسمبر 2011ء میں ریلیز ہوئی۔ نقادوں نے مذکورہ فلم کو تفریحی فلم قرار دیا تھا جبکہ اس کا کاروبار صرف 4.5کروڑ تھا۔



رنویر سنگھ کی تیسری فلم ''لیٹرا'' ہے جو گذشتہ ہفتہ نمائش کے لئے پیش کی گئی ، لیٹرا کے ڈائریکٹر اور رائٹر وکرم آدیتہ ہیں ۔ فلم ایک داستان محبت ہے۔ ''لیٹرا''کی شوٹنگ اگست 2012 ء میں مکمل ہوگئی تھی لیکن پوسٹ پروڈکشن ورک زیادہ تھا ، ایڈیٹنگ کے لئے گیارہ ماہ کا عرصہ گزر گیا ۔کہا جاتا ہے کہ فلم ''لیٹرا'' کی کہانی رائٹر اوہنری کی The Last Leaf ''آخری پتہ'' سے متاثر ہوکر لکھی گئی ہے لیکن وکرم کا کہنا ہے کہ لیٹرا کی کہانی بالکل الگ ہے ۔ رنویر سنگھ نے تلگو فلم Magad Heeraمیں بھی کام کیا تھا ۔ یہ فلم 2009ء میں ریلیز ہوئی تھی ، رنویر سنگھ کی اہم فلم ''رام لیلا '' ہوگی جسے سنجے لیلا بنسالی بنا رہے ہیں ۔ فلم کی ہیروئن دیپکا پڈوکون ہیں ۔ رام لیلا میں وہ کرینہ کپور کو پیش کرنا چاہتے تھے لیکن کرینہ کی سیف سے شادی کے بعد سنجے نے متبادل اداکارہ دیپکا پڈوکون کا انتخاب کرلیا کیونکہ ''رام لیلا''کی کہانی کے لئے کسی شادی شدہ کی نہیں بلکہ کنواری ہیروئن کی ضرورت تھی ۔ فلم ''رام لیلا'' کے ڈائریکٹر شاد علی ہیں۔

گزشتہ سال جولائی سے فلم کی شوٹنگ شروع ہوگئی ہے ۔ رنویر سنگھ کی ایک اور فلم Kill Dilبھی آنے والی ہے یہ بھی ایک لواسٹوری ہے ۔ زویا اختر کی نئی فلم کے لئے رنویر سنگھ کو سائن کرلیا گیا ہے ۔ا س فلم میں ان کے مقابل پریانکا چوپڑا ہیں ۔ فلم ''غنڈے'' کے لئے بھی رنویر سنگھ کو کاسٹ کرلیا گیا ہے ۔ رنویر سنگھ کو فلم ''بینڈ باجہ بارات'' کے لئے فلم فیئر ایوارڈ کے علاوہ اوپیرا فلم اینڈ ٹیلی ویژن گلڈ ایوارڈ ملا ہے۔ بگ اسٹار انٹریٹمنٹ ایوارڈ کے لئے رنویر کو نامزد کیا گیا تھا ۔ رنویر سنگھ انٹرنیشنل فلم اکیڈیمی ایوارڈ بھی حاصل کرچکا ہے ۔

اسٹار اسکرین ایوارڈ بھی اس کے حصہ میں آیا ۔ اسٹار ڈسٹ نے سوپر اسٹار آف ٹومارو ایوارڈ سے نوازا، زی سینما بھی رنویر کو بہترین نئے اداکار کا ایوارڈ دے چکا ہے ۔ رنویرسنگھ بہترین صلاحیتوں کا مالک ہے ۔اسے لگتا ہے کہ انڈسٹری اس کی صلاحیتوں کا درست استعمال کریگی اور فلمساز عمدہ کردار اس کی جھولی میں ڈالتے رہیں گے ۔ وہ کسی ایک اداکارہ کے ساتھ جوڑی بنانے کا بھی ارادہ رکھتا ہے ۔ انوشکا شرما اور سوناکشی سنہا میں کسی ایک کے ہمراہ زیادہ فلمیں ملنے لگیں تو کسی ایک ساتھ ہٹ جوڑی بن جائے گی ۔ سنیئر اداکارہ بھی رنویر کے ساتھ کام کرنے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرتیں ، پریانکا چوپڑا تو اس کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ کرینہ کپور اور کترینہ کیف کے ساتھ بھی رنویر سنگھ کو لیا جاسکتا ہے ۔ فی الوقت رنویر سنگھ اپنی منفرد شناخت بنانے کا خواہاں ہے !!!
Load Next Story